تحریکِ انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے موجودہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کے مطابق ن لیگ نےکہا ہے کہ شیر افضل مروت کا نام چیئرمین پی اے سی کے لیے دیا گیا، جو ہمیں قبول نہیں، مجھے عہدوں کا کوئی لالچ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بے توقیری قبول نہیں، پارٹی کی آفیشل میڈیا ٹیم میرے خلاف ہے، بانیٔ پی ٹی آئی نے مجھے پولیٹیکل کمیٹی کا ممبر بنایا تھا، پولیٹیکل کمیٹی میں ووٹنگ کر کے مجھے ہٹایا گیا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کا اشارہ ہو تو میں قومی اسمبلی کی سیٹ سے بھی استعفیٰ دیتا ہوں، میں بطور احتجاج شبلی فراز اور عمر ایوب کے ساتھ کام کرنے سے انکار کرتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں جا رہا ہوں اور بانیٔ پی ٹی آئی سے اس وقت ملاقات کے لیے آؤں گا جب بلایا جا ئے گا، میں بانیٔ پی ٹی آئی کا سپاہی ہوں اور ان کی رہائی کے لیے اس قافلے میں شامل تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ امریکی سفیر سے ملاقات سے متعلق جو بانیٔ پی ٹی آئی کو بتایا گیا اس کی تحقیقات کی جائے، جیل کے اندر جھوٹی خبریں پہنچانا بہت آسان ہے، یہ میرے لیڈر نہیں ہیں، قوم یہ دیکھے کہ کل 9 مئی پر ملک گیر احتجاج ہوتا ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں رکاوٹ جیل حکام ڈال سکتے ہیں، جو اوپر ہوتے ہیں وہ بھی رکاوٹ ڈال سکتے ہیں، میں بانیٔ پی ٹی آئی کے لیے نکلا تھا، آزادی کے لیے نکلا تھا۔
شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میں جس ایجنڈے کے لیے نکلا تھا وہ ایجنڈا آج ختم ہو گیا، ہر معاملے پر بانیٔ پی ٹی آئی کو گمراہ کیا گیا، یہ لوگ آئیں اور قیادت کریں، میں ان کی پیروی کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اپنے بیان دے دیں پھر میں ان کا کچا چٹھا کھولوں گا، میں تو الیکشن بھی لڑنا نہیں چاہتا تھا، بانیٔ پی ٹی آئی کے کہنے پر لڑا، کل بھی بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آیا تھا، نہیں ملنے دیا گیا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ آج بھی میری ملاقات نہیں کرائی گئی، میرا بانیٔ پی ٹی آئی سے ملنا ضروری تھا، عمر ایوب اور شبلی فراز نے بانیٔ پی ٹی آئی سے مجھے نہیں ملنے دیا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کو میں نے اس وقت اٹھایا جب یہ مردہ گھوڑا بن گئی تھی، میں بانیٔ پی ٹی آئی کے لیے کبھی مشکلات پیدا نہیں کروں گا، 8 فروری سے مجھے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، اس صورتِ حال سے بانیٔ پی ٹی آئی کو آگاہ کیا تھا۔
شیر افضل مروت کی میڈیا سے گفتگو کے دوران پارٹی رہنما میڈیا ٹاک چھوڑ کر چلے گئے۔
این اے 4 سوات سے سہیل سلطان اور پی کے 10 سوات سے محمد نعیم خان شیر افضل مروت کے ساتھ موجود تھے، شیر افضل مروت نے پارٹی کے خلاف بات کی تو دونوں رہنما میڈیا ٹاک چھوڑ کر چلے گئے۔