• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی بدحالی کا الزام لگانے والے لوٹوں کے سہارے چل رہے ہیں،قاری عثمان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب قاری محمد عثمان نے کہاکہ مولانا فضل الرحمٰن کے صرف اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کے اشارے سے اقتدار کے ایوانوں میں آگ بھڑک اٹھی ہے، جب تحفظ ختم نبوت ملین مارچ کی تاریخ کا اعلان ہوگا تو جعلی حکمران مینڈکوں کی طرح زمین کے اندر جائے پناہ تلاش کریں گے، سابقہ حکومتوں پر معاشی بدحالی کا الزام لگانے والے آج انہیں کے لوٹوں کے سہارے چل رہے ہیں، وہ محمدی گوٹھ میں مستونگ ٹریفک حادثے کے الحاج محمد خان خلجی اور دیگر شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور اپنے دفتر میں اپنے چچا مولانا محمد حسین کے انتقال پر اظہار تعزیت کیلئے آنے والے علماء کرام اور جماعتی احباب سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر ڈاکٹر نصیرالد ین سواتی،حاجی صوفی محمد مسکین،مولانا عبدالقادر، مولانا عمر صادق،سید اکبر شاہ ہاشمی،انجینئرمحمد سلیم، محمد الیاس خان، حاجی عزیز الرحمن دیشانی، مفتی عبدالحق عثمانی، مولانا فتح اللہ، قاری فیض الرحمن عابد، قاری زرداد اور دیگر احباب موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسے نااہل حکمرانوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے دوسروں کو چور کہنے والے خود انہیں کے دور کے وزراء کے سہارے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا کر وزارتیں تبدیل کرکے قوم کو بیوقوف بنانے کی ناپاک کوشش کررہے ہیں، قاری محمد عثمان نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ محب وطن جماعتیں قائد ملت اسلامیہ مولانا فضل الرحمٰن کی جدوجہد میں شامل ہوکر ملک کو تباہی سے بچائیں، ورنہ تاریخ اور آنے والا وقت معاف نہیں کرے گا۔

تازہ ترین