• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دینگے‘‘

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپنی سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، پاکستان نے یہ فیصلہ کسی کے دباؤ میں نہیں، اپنے مفاد میں کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں ہی دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی کوششوں سے افغانستان میں حالات مزید بہتر بنائے جا سکتے ہیں، دہشت گردی کے معاملات دونوں ملکوں میں خلیج پیدا کرسکتے تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں کچھ روز پہلے دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، دونوں ملکوں کا اتفاق ہے کہ اپنی سرزمین دہشت گردوں کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کے بغیر امن ممکن نہیں، فلسطینیوں کو بھی انصاف ملنا چاہیے، فلسطینیوں پر مظالم، گولان پہاڑیوں پر قبضہ اور دیگر اسرائیلی اقدامات ناانصافی پر مبنی ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نہتے شہریوں کو مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے،کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم رکھا جارہا ہے،مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے طاقت سے نہیں مذاکرات سے حل ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایرانی صدر اور وفود کی سطح پر ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بات ہوئی ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ایران پہنچے، جہاں سعدآباد پیلس پہنچنے پر ایرانی صدر حسن روحانی نے اُن کا پر تپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش بھی پیش کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

عمران خان آج ایران کے سپریم لیڈر رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای سےبھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز مشہد میں حضرت امام علی رضا ؒکے مزار پر حاضری دی ، نوافل ادا کیے اور ملک و قوم کی ترقی و خوش حالی کے لیے دعا بھی کی۔

تازہ ترین