• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کیلئے صاحبہ کا لفظ استعمال کرنا”سلپ آف ٹنگ“تھی،ندیم افضل

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا بلاول کیلئے صاحبہ کا لفظ استعمال کرنا ”سلپ آف ٹنگ“ تھی، عمران خان کئی دفعہ بلاول کو بچہ بھی کہہ چکے ہیں، اپوزیشن اسمبلی میں طعنہ زنی کے بجائے ایشوز پر بات کرے، میثاق معیشت پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں،سیاسی کلاس کو عوام کیلئے رول ماڈل بننا اور اپنے کارکنوں کی تربیت کرنا ہوگی۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کی رہنما شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ بھی شریک تھیں۔ ناز بلوچ نے کہا کہ سلمان احمد کی ٹوئٹ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز رویہ کی مثال ہے، عمران خان کو پیپلز پارٹی کی قیادت کی دلآزاری کرنے پر معافی مانگنی چاہئے،سوشل میڈیا کا کوڈ آف کنڈکٹ اور غیراخلاقی رویوں کیخلاف قوانین لانا ضروری ہوگیا ہے، پی ٹی آئی کا لاپتہ افراد کے معاملہ پر مضبوط موقف رہا اب اس مسئلہ کا حل نکالنا ہوگا۔شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ عمران خان دھرنوں کے زمانے سے نازیبا زبان کا استعمال کرتے آرہے ہیں، اسمبلی میں حکومتی بنچوں کے رویے بہت پریشان کن ہوگئے ہیں۔ ندیم افضل چن نےمزید کہا فاٹا میں عمران خان نے بہت بڑا جلسہ کیا اس پر بات ہونی چاہئے، بلاول نے بھی عمران خان کو جواب دیتے ہوئے زیادتی کی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے کہ اہم ایشوز پر ارکان اسمبلی کی لائیو تقاریر چلائی جاتی ہیں، اختر مینگل نے لاپتہ افراد کا سنجیدہ معاملہ اٹھایا ہے اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے، لاپتہ افراد سے متعلق بل میں تاخیر ہورہی ہے تو متعلقہ وزارت کی ذمہ داری بنتی ہے، شیریں مزاری بہت دلیر وزیر ہیں انہیں اس معاملہ کو حل کرنا چاہئے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ اپوزیشن اسمبلی میں طعنہ زنی کے بجائے ایشوز پر بات کرے، حکومتی وزراء کچھ کہتے ہیں تو خود ایکسپوز ہوں گے، میثاق جمہوریت کی روح تھی کہ حکومت کو مدت پوری کرنے دی جائے، این آراو اور میثاق معیشت مختلف چیزیں ہیں، میثاق معیشت پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں۔ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ سیاسی کلاس کو عوام کیلئے رول ماڈل بننا ہوگا،ہمیں اپنے کارکنوں کی تربیت کرنا ہوگی، سوشل میڈیا پر غلط زبان استعمال کرنے والوں کا مسئلہ ان کی تربیت میں ہے۔ناز بلوچ نے کہا کہ سلمان احمد کی ٹوئٹ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز رویہ کی مثال ہے، سلمان احمد کو صاحبہ کہا جائے تو شاید وہ ناراض نہ ہوں، سلمان احمد سے سیاسی وابستگی کی بنیاد پر اس حد تک جانے کی توقع نہیں تھی، حامد میر کی بھی بلاول بھٹو سے ملاقات کو سوشل میڈیا پر فوٹوشاپ کر کے پیش کیا گیا، سوشل میڈیا کا کوڈ آف کنڈکٹ اور غیراخلاقی رویوں کیخلاف قوانین لانا ضروری ہوگیا ہے۔

تازہ ترین