ٹیکساس میں قائم مدینہ مسجد کیرالٹن کا مشن ہے کہ امریکا میں مسلمانوں کی نسل نو کے لیے ایسا اسلامی ماحول فراہم کیا جائے جس سے اسلامی اقدار کی حفاظت کی جاسکے۔اس حوالے سے تشکیل دیے جانے والے پروجیکٹ کی تکمیل کے لیے گذشتہ سال 9ایکڑ اراضی کے حصول کا خواب شرمندہ تعبیر کرلیا گیا، اب خریداری اور تمام زمین کی ادائیگی کے بعد اسکول اور دیگر فلاحی منصوبوں کے کام کا آغاز رواں برس ہو گا۔ اس سلسلے میں دوسرے فنڈریزنگ ڈنر کی تقریب کیرالٹن ٹیکساس کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی، جس میں سیکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ کیرالٹن کے میئر کیون فلکر بھی خصوصی طور پر اس تقریب میں شرکت کے لیےآئے۔ اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ذریعے ہی نئی نسل کی رہنمائی کرسکتے ہیں اور معاشرے میں بڑی تبدیلی لاسکتے ہیں ۔ یہ پروجیکٹ مستقبل میں شہر کی ترقی میں ایک سنگ میل کا کردار ادا کرے گا۔ فنڈریزنگ ڈنر کی تقریب سے ہیلتھ کیئر بزنس ٹائیکون ڈاکٹر حسن ہاشمی ، سلیمان ہاشمی ، اور پروگرام آرگنائزر علامہ بابر رحمانی نے عوام کی بھرپور دلچسپی پر ان سے اظہار تشکر کیا ۔دیگر مقررین نے بھی پروجیکٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں اسلامی اسکالر مفتی احمد رضا قادری ، علامہ غلام سبحانی ، علامہ فیضان المصطفیٰ ، علامہ سراج مصباحی، علامہ محبوب رضاقادری ، مولانا عمر جبار نے بھی خطاب کیا جبکہ پاکستان سوسائٹی کے صدر عابد ملک معروف کرمنل اٹارنی ہارون ہاشمی ، خاور عباس ، ڈاکٹر زبیر فتحانی ، غلام جہانگڈا سمیت متعدد مقتدر شخصیات نے شرکت کی ۔ایک گھنٹے کی فنڈریزنگ میں 7لاکھ ڈالر اسکول پروجیکٹ کے لیے جمع کیےگئے۔ اس موقعے پر مئیر کیون فلکونر کا کہنا تھا کہ اسکول پروجیکٹ کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں، یہ پروجیکٹ ہمارے بچوں کو گھر کی دہلیز پر تعلیم مہیا کرے گا اور دیگر صحت مندسرگرمیاں بھی اس کے ساتھ ہوں گی۔ پروجیکٹ کے بانی رکن اور ہیلتھ کیئر بزنس ٹائیکون ڈاکٹر حسن ہاشمی کا کہنا تھا کہ یہ اُن سب کی بڑی کامیابی ہے جو تعلیم کے پھیلاؤ کے اس مشن میں اس پروجیکٹ کے ساتھ ہیں۔ اسلامک اسکول پروجیکٹ کی اس تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس میں محمد حافظ سعدی نے تلاوت اور حافظ حملہ نے نعت رسول مقبولﷺپیش کرنے کی سعادت حاصل کی، پروجیکٹ کی یوتھ منسٹر مس کنول خان نے اسلامک اسکولوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ فیضان النور انسٹیٹیوٹ آف قرآنک سائنس، ہیوسٹن کے پرنسپل علامہ فیضان المصطفیٰ نے قرآن اور ہدایت کے موضوع پر گفتگو کی ،بعد نماز مغرب ایوارڈ دینے کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں لیڈر شپ ایوارڈمیئر کیرالٹن کیون فیکونر ،ڈاکٹر حسن ہاشمی ، سلیمان ہاشمی کو دیا گیا۔دوسری جانب مدینہ اسلامک اسکول پروجیکٹ کے سرپرست اعلیٰ علامہ بابر رحمانی نے جنگ سے خصوصی گفتگوکرتے ہوکہا ہے کہ مدینہ مسجد کا یہ مقصدہے کہ امریکا میں مسلمانوں کے تعلیمی ادارے اور انسٹیٹیوٹ قائم کیے جائیں کیونکہ اسپر ہی ہماری موجودہ اور آنے والی نسلوں کے ایمان کا دارومدار ہوگا۔