پوپ سنگر سلیم جاوید کی امریکن قونصلیٹ جنرل میں شاندار پذیرائی کرنے کے ساتھ انھیں تعریفی سند دی گئی۔’’فیملی ڈے‘‘ کے موقع پر سلیم جاوید نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، اس موقع پرموجود امریکی بھی ’’ سلیم جاوید کی ’’جگنی‘‘ پرجھوم اٹھے۔
امریکن قونصلیٹ جنرل کی جانب سے سلیم جاوید کو تعریفی سند بھی پیش کی۔سلیم جاوید کا کہنا تھا کہ آج کا دن میرے لیے بہت اہم ہے کہ مجھے عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔
چار دہائیوں سے فوک اور جدید موسیقی کےذریعے پاکستان کا نام روشن کررہا ہوں اور جب تک زندہ ہوں، اس طرح وطن عزیز کا نام روشن کرتا رہوں گا۔ میں یہ سند اپنی فیملی کے نام کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ سلیم جاوید نے اپنا پہلا البم 7 مارچ 1985ء کو ریلیز کیا تھا، جس کا نام ’’ لسن ٹو مائی وائس‘‘ تھا۔ اس زمانے میں جب الیکٹرانک میڈیا اتنی بڑے پیمانے پر نہیں آیا تھا، اس کے باوجود بھی مذکورہ البم لاکھوں کی تعداد میں فروخت ہوا۔
اپنے نئے البم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے گلوکار سلیم جاوید نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ میں اپنے نئے البم پر گزشتہ کئی برسوں سے کام کررہا تھا۔ اس کا تمام میوزک نئی نسل کی پسند کو سامنے رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔
علاہ ازیں، اس میں تین صوفیانہ کلام خصوصی طور پر شامل کیے گئے ہیں، جو سننے والوں پر وجد کی کیفیت طاری کردیں گے۔ مجھے امید ہے کہ ان کو سننے کے بعد عقیدت سے آنکھیں بھیگ جائیں گی۔ البم میں کل دس گیت شامل کیے گئے ہیں۔
اسکی موسیقی میرے بیٹے جوجی نے ترتیب دی ہےجس نے کینیڈا میں جدید میوزک کی تربیت حاصل کی ہے، اس کے علاوہ نام ور فن کار عامر ذکی مرحوم نے شاندار انداز میں گٹار پلے کیا ہے۔
البم کی ویڈیو کا کام ان دنوں جاری ہے، مجھے نئے اور خوب صورت لڑکے اور لڑکیوں کی ضرورت ہے۔ میں تقریباً 6 گانوں کی ویڈیو بنانے جارہا ہوں۔ نئے ٹیلنٹ کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔ امید ہے میرا نیا البم میرے سننے والوں کو ضرور پسند آئے گا۔