رمضان المبار ک کی آمد آمد ہے، اس کے فیوض و برکات سمیٹنے کی لگن اور اس کے لئے کی جانے والی تیار ی کےساتھ ساتھ خواتین کو دیگر بہت سے اقدامات کا سوچ سوچ کر ٹینشن ہونے لگتی ہے۔ بہت سے ایسے کام ہوتے ہیں جو رمضان کی آمد سے قبل خواتین کو انجام دینے ہوتے ہیں تاکہ وہ گھریلو کام کاج کے ساتھ یکسوئی سے عبادات اور اپنے وقت کو بآسانی مینیج کرسکیں۔
گھر کی صفائی ستھرائی
یہ حقیقت ہے کہ رمضان تزکیہ نفس کا مہینہ ہے، لیکن اگر گھر صا ف ستھرا ہوگا تو رمضان کا مہینہ نہ صرف نفاست سے گزرے گا بلکہ آپ کو اپنی عبادات کا وقت صفائی ستھرائی پر نہیں لگا نا پڑے گا۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ رمضان سے قبل ذیل میں درج کچھ کام انجام دے لیں۔
٭ گھر کے جالے اُتروالیں ، کارپٹ جھاڑ لیں ،یا ڈرائی کلین کروالیں۔
٭ پردے وغیرہ بدلنے کی ضرورت ہوتو ان کو بھی تبدیل کرلیں یا اچھی طرح جھاڑ لیں۔
٭کچن کے سنک کو اچھی طرح چمکالیں ۔ اس کیلئے آپ اسفنج اور سرکہ کا استعمال کرسکتی ہیں۔
٭مائیکروویو اوون کی صفائی کیلئے اسے رگڑ کر صاف کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ ایک بائول میں لیموں کا عرق ملا کر اس کے اندر رکھ دیں اور پانچ منٹ کیلئے اسے چلادیں ۔ پانی بھاپ بن کر اندر جمی چکنائی وغیرہ کو نرم کردے گا، پھر اس کو کپڑے سے صاف کرلیں۔
٭رمضان میں چونکہ چیزیں زیادہ پکائی جاتی ہیں، اس لیے جلے ہوئے برتنوں میں گرم پانی ڈالیں اور بیکنگ سوڈےسے رگڑ کر کالک صاف کرلیں۔
٭ ٹائلز میں پھنسی مٹی کو نکالنے کیلئے پانی میں بیکنگ سوڈا ملائیں اور اس محلول کو مٹی والی دراڑوں میں ڈال کر پرانے استعمال شدہ ٹوتھ برش سے صاف کرلیں۔
فریج کی صفائی
رمضان کی آمد سے قبل فریج کی صفائی بھی نہایت ضروری ہے کیونکہ رمضان میں سحر و افطار کے لیے کئی چیزیں اسٹور کرنی ہوتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے فریج کے شیلف احتیاط کے ساتھ نکالیں اور انہیں بیکنگ سوڈاکے محلول سے اچھی طرح دھو لیں۔ اب پلاسٹک کے دستانے پہن کر فریج کے اندر کپڑے کی مدد سے صفائی کریں۔ گرم پانی سے فریج کو اندرسے صاف کرنے کی کوشش کبھی بھی نہ کریں۔ اگر شیلف پر دھبے موجود ہیں تو انہیں صاف کرنے کیلئے گرم پانی استعمال نہ کریں۔ دھبوں کو نکالنے کیلئے انھیں کھرچیںمت۔ جب ریکس اور درازوں کو اچھی طرح دھولیں توپھر انھیں دھوپ میں خشک کرلیں۔ جب یہ اچھی طرح خشک ہوجائیں تو انہیں اندر رکھ دیں۔ فریج کے اندر صابن یا کیمیکلزسے صفائی ہرگز نہ کریں کیونکہ جب آپ اس کے اندر پھل رکھیں گی تویہ پھل ان کیمیکلز اور صابن کی بُو کو اپنے اندر جذب کر لیں گے۔
ٹائم مینجمنٹ
اگر آپ نے رمضان میں عبادتوں کیلئے وقت نکالنا ہے تو ابھی سے سارے اقدامات کرلیں۔ اگر آپ ورکنگ وومن ہیں تو پھر آپ کو دفتر کے معاملات کے ساتھ ساتھ گھر کے کاموں میں بھی بہت وقت صرف کرنا پڑے گا۔ تمام تر مصروفیات میں آپ کو ہر حال میں اپنی مناسب نیند کیلئے وقت نکالنا ہے، ورنہ آپ کے سارے کام اُلٹ پُلٹ ہو سکتے ہیں۔ افطار کے بعد طعام اور تراویح پڑھتے ہی سونے کا معمول بنالیں تاکہ سحری کیلئے تازہ دم اٹھیں۔ رمضان کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اپنی معمول کی ورزش چھوڑ دیں۔ اس کیلئے آپ سحری سے قبل یا افطار کے دو گھنٹے بعد 20منٹ کی ورزش کرسکتی ہیں تاکہ آپ پورا مہینہ چا ق چوبند رہیں۔
امسال بھی ماہ رمضان موسم گرما میں آرہے ہیں، ساتھ ہی بچوں کے اسکول کی تعطیلات بھی ہوں گی، لہٰذا بچوں کا خیال رکھنے کی ذ مہ داری بھی بڑھ جائے گی۔ سمجھ دار بچوں کو اپنی ٹائم مینجمنٹ اور تربیت کا حصہ بنالیں تو وہ آپ کے ساتھ تعاون کرسکتے ہیں،یعنی آپ کو اپنی ٹائم مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ ان کی ٹائم مینجمنٹ بھی کرنی پڑے گی۔
کراکری، گروسری کی خریداری
تازہ سبزیاں تو آ پ کو دوران رمضان بھی خریدنی ہوںگی لیکن خشک مسالہ جات اور ریسیپی مسالے رمضان سے پہلے ہی خرید کر اسٹور کرلیں تاکہ رمضان میں ان کی خریداری کیلئے وقت نہ لگانا پڑے۔ سب سے پہلے تو تخمینہ لگالیں کہ رمضان میں سموسوں پکوڑوں کی تیاری کیلئے کتنا آئل، بیسن وغیرہ درکار ہوگا۔ اپنے بجٹ کے مطابق ان کی فہرست بنا کر بازار سے یہ اشیا لے آئیں۔ آج کل آن لائن گروسری بھی دستیاب ہے اورمحلے کے اسٹورز والے بھی یہ سہولت دیتے ہیں کہ آپ ان کو فون کرکے اپنی ضرورت کی اشیا گھر پر منگوالیں۔ ان کے فون نمبرز بھی اپنے پاس رکھیں۔ اسی طرح افطاری کی تیار ی آسان بنانے والی کراکری بھی خریدلیں، جو بآسانی صاف ہوجاتی ہیں ۔