رمضان کی رونقیں عبادات،سحرو افطار اور تقویٰ سے عبارت ہیں۔ جس طرح ہم چاہتے ہیں کہ عبادات کرنے اور فرائض کی ادائیگی میں بھرپو ر خلوص ِ نیت اور ریاضت کا مظاہرہ کریں، اسی طرح ہماری خواتین کی بھی کوشش ہوتی ہے کہ سحر وافطار کی تیار ی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ دوران روزہ ڈی ہائڈریشن سے بچنے کیلئے ہم سحری میں پانی اور مشروبات سے اپنا پیٹ بھرلیتے ہیں۔ لیکن اگر ہم سحری میں کچھ ایسی اسموتھیز استعمال کرلیں جوہماری صحت کیلئے عمدہ ہوںتو پھر ان کو آزمانے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ یہ اسموتھیز نہ صرف غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں بلکہ توانائیوں کی پاور پیک ہیں، اس کیلئے آپ کو اپنے پسندیدہ پھل ، فروٹ جوسز، بغیر ملائی والا دودھ ، دہی اور ایک بلینڈر درکار ہوگا۔ سحری میں ان رنگ برنگی اسموتھیز سے نہ صرف آپ بلکہ آپ کے گھر والے بھی خوب لطف اُٹھائیں گے۔آپ انہیں اپنی سہولت سے تیار کرسکتی ہیں، اگر یہ گاڑھی ہوجائیں تو پانی یا آئس کیوبس ملا کر انہیں پتلا کرلیں۔ میٹھا کم لگے تو چینی ملا لیں۔
مینگو اسموتھی
اسے آپ مینگو لسی کا نام دے دیں توبے جا نہ ہوگا۔ گرمیوں میں آم اور لسی دو ایسی چیزیں ہیں،جن کو ’نہ ‘کہنے کو جی نہیں کرتا ، آپ مزہ دوبالا کرنے کے لیے دونوں کو ملا کر اسموتھی بنائیں۔ اسے آپ نہ صرف سحری میں بلکہ افطار میں بھی خوشی خوشی پیش کرکے سب کو خوش کرسکتی ہیں ۔ اس کیلئے دو عدد آم ، ڈیڑھ کپ دہی، دو چمچ شہد اور حسب ضرورت برف درکار ہوگی۔ آم اچھی طرح دھونے کے بعد چھیلیں اور ان کے سلائس بنالیں، پھر اسے بلینڈر میںشہد، دہی اور برف کے ساتھ ڈال کر بلینڈ کرلیں۔
بلو بیری اسموتھی
سب سے پہلےآدھا کپ بغیر بالائی والا دودھ یعنی اسکمڈ ملک لیں، پھر آدھا کپ ونیلا فلیور والا دہی، نصف چائے کا چمچ ونیلا پائوڈر اور ایک چھوٹا کپ بلو بیریز، پھر ان سب کو بلینڈ کرلیں۔ اگرچہ بلو بیریز مہنگی ہوتی ہیں لیکن یہ آپ کی صحت کیلئے بہت بہترین ہیں۔ اس میں وٹامن بی ہوتاہے، جو آپ کے بالوں کی نشوونما میں بہت مدد کرتاہے۔
کھجور آئس کریم اسموتھی
رمضان میں تو ویسے بھی کھجو ر کی فراوانی رہتی ہے۔ اس لئے کبھی کبھی کھجو ر کی اسموتھی یا شیک بنانے میں کوئی حرج نہیں۔ آدھا کپ کھجور، ایک سے دو کپ کریم، ایک کپ دودھ، ایک کپ ونیلا آئسکریم اور ایک چوتھائی کپ شہد بلینڈ ر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ اسے گلاس میں نکالیں اور آئس کیوبس شامل کرکے پیش کریں ، چاہیں تو پستہ، بادا م یا آئسکریم سے گارنشنگ کرلیں۔
ترش پھلوں کی اسموتھی
یہ اسموتھی ترش پھلوں جیسے اورنج ، آڑو اور گاجر سے بنتی ہے۔ بلینڈر میں سب سے پہلے نصف کپ اورنج جوس ڈالیں، پھر نصف کپ دہی، ایک اورنج کی پھانکیں، ایک کٹا ہوا آڑو اور دو عدد اچھی طرح کٹی ہوئی گاجریں ڈالیں، پھر انہیں بلینڈ کرلیں۔ اسموتھی میں موجود گاجریں آپ کی آنکھوں کیلئے بہترین ہوتی ہیں جبکہ ترش پھلوں میں کم کیلوریز پائی جاتی ہیںاور ان میں موجود وٹامن سی آپ کی صحت کیلئے مفید ہوتاہے۔
جامن اور سیب کی اسموتھی
جامن اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں، جس سے آپ کی جِلد بہتر ہوتی ہے۔ اسموتھی بنانے کیلئے آپ آدھا کپ سیب کا جوس، آدھا کپ دہی، ایک کٹا ہوا سیب، 10چھیلے ہوئے جامن اور لائم جوس کے چند قطرے ملا کر انہیں بلینڈ کرلیں۔ گلاس میں نکال کر آئس کیوبس کے ساتھ خود بھی مزے لیں اور گھرو الوں کو بھی پیش کریں۔
سرخ اسموتھی
یہ اسموتھی تربوز اورچقندر سے بنتی ہے۔ چقندر فائبر سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں کیلوریز کم ہوتی ہیں۔ آدھا کپ اسکمڈ ملک، آدھا کپ دہی، ایک کپ تربوز کے سلائس اور ایک سلائس چقندر ملا کر انہیں بلینڈ کرلیں۔ چقندر کا ذائقہ چونکہ زیادہ اچھا نہیں ہوتا اس لیے تربوز شامل کرنے سے چقند ر کا ذائقہ دب جاتاہے اور آپ کو ایک مزیدار اسموتھی نوش کرنے کو مل جاتی ہے۔
سرسبز اسموتھی
ہرے رنگ سے تازگی کا احساس ہوتاہے، اسی لئے یہ اسموتھی پالک ،کھیرے اور کیوی سے بنائی جاتی ہے۔ اگرآپ پالک شامل کرنے سے ہچکچارہی ہیں تو فکر نہ کریں۔ ایک باراستعمال کرنے کے بعد آپ دوبارہ اسے نوش کرنا چاہیں گی۔ یہ اسموتھی بنانے کیلئے آپ کو آدھا کپ اورنج جوس، آدھاکپ دہی ، ایک کپ پالک کے پتے، 2کٹی ہوئی کیویز، آدھا کپ کٹے ہوئے کھیرے اور ایک لائم جوس درکار ہوگا۔ ان سب کو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کرلیں اورہری نعمتوں کی اچھائیوں سے لطف اٹھائیں۔
زرد اسموتھی
یہ اسموتھی انناس ، آم اور کیلے سے بنتی ہے۔ کیلا چونکہ جِلد کیلئےاچھا ہوتاہے اسی لئے یہ بہت سے بیوٹی پراڈکٹس میں بھی شامل کیا جاتا ہے۔ یہ اسموتھی بنانے کیلئےآدھا کپ انناس جوس، آدھاکپ دہی، ایک کپ کٹے ہوئے انناس، ایک کپ کٹے ہوئے آم اور ایک چھیلا ہو ا کیلا درکار ہوگا۔ انہیں بلینڈ کرلیں اور آئس کیوبس کے ساتھ لطف اٹھائیں۔