• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہی دودھ سے تیار کی جانے والی ڈیری پروڈکٹ ہے۔جو صدیوں سے انسانی غذاکا حصہ ہے۔صحت پر خوب مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔معالجین اسے جگر کی گرمی دور کرنے،موٹاپا کم کرنے،ہاضمہ ،دل ، دماغ،ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی کے لیے مفید سمجھتے ہیں۔صحت کے ساتھ ساتھ چہرے اور بالوں کی خوبصورتی کے لیے بھی اسکا استعمال کیا جاتاہے۔دہی سادہ بھی کھایا جاتا ہے جبکہ تقریباً ہر کھانے میں دہی استعمال ہوتی ہے۔دہی کی لسی اور رائتےبہت پسند کیے جاتے ہیں۔چندتراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

کیری کیوکمبر رائتہ

اجزاء۔

کھیرے کا چورا۔ ایک کپ

دہی۔ ایک کپ

کیری۔ آدھا کپ

پیاز(باریک کترا ہوا)۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

پسی لال مرچ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ہری مرچ۔ ایک عدد

بھگار کے لئے۔

تیل۔ دو کھانےکے چمچ

زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ

رائی۔ آدھا چائے کا چمچ

ثابت لال مرچ۔ تین سے چار عدد

کری پتہ۔ چھ سےآٹھ عدد

ترکیب۔

کیری اور کھیرے کو کش کر کے پھینٹے ہوئے دہی میں مکس کر لیں۔

اب اس میں کٹی ہوئی ہری مرچیں،پسی لال مرچ اور نمک ڈال کر سرونگ پلیٹر میں نکال لیں۔

ایک فرائی پین میں زیرہ،رائی،کری پتہ اور ثابت لال مر چ شامل کر کے رائتہ پر بھگار لگائیں۔

کیری کیوکمبر رائتہ تیار ہے۔

کدو کا رائتہ

اجزاء۔

کدو ۔2/1 کلو

دہی ۔ایک کلو

نمک مرچ ۔حسب ذائقہ

پیاز(باریک کٹا ہوا)۔ ایک چھوٹا سا

کالی مرچ (پسی ہوئی)۔ چٹکی بھر

زیرہ ۔چٹکی بھر

دھنیا یا پو دینہ(باریک کاٹ لیں)۔ چند ڈنڈیاں

ترکیب۔

کدو کو کدو کش کر کے ابال لیں۔ اور ٹھنڈا کر کے نچوڑ لیں۔ دہی میں نمک مرچ زیرہ، سیاہ مرچ ڈالیں اور پیاز کدو کش کر کے شامل کر یں اور خوب پھینٹ لیں ۔ اب اس میں ابلا ہوا کدو شامل کر دیں ۔ اور اچھی طرح ملا لیں۔ اوپر کٹا ہوا دھنیا یا پو دینہ ڈال دیں۔کدو کا رائتہ سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔

باربی کیو رائتہ

اجزاء۔

دہی ۔ دو پیالی (پھینٹی ہوئی)

پسا ہوا لہسن ۔آدھا چائے کا چمچ

بھنا اورپسا ہوا زیرہ ۔ آدھا چائے کا چمچ

پسی ہوئی لال مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

چاٹ مصالحہ ۔آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

پودینہ۔سجانے کے لیے

ترکیب۔

ایک پیالے میں تمام اجزاء ملا لیں- اسے کوئلے کا دھواں دیں اور پودینے سے سجا کر پیش کریں-

پائن ایپل رائتہ

اجزاء۔

پائن ایپل۔ایک کپ

دہی۔ 2کپ

کریم۔ 2/1کپ

زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

چینی۔ 2کھانے کا چمچ

ترکیب۔

دہی میں نمک اور چینی ملا کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔

اب اس میں کریم شامل کریں۔ ساتھ ہی بھنا پسا زیرہ آدھی مقدار میں ڈالیں۔

آخرمیں پائن ایپل شامل کرکے ٹھنڈا کرلیں۔

پراٹھے کے ساتھ سرو کریں۔

کرکری پالک رائتہ

اجزاء۔

دہی۔ 500گرام

پسی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

بھُنا پسا زیرہ۔ ایک کھانے کا چمچ

پالک۔ 500گرام

ترکیب۔

500گرام دہی میں ایک چائے کا چمچ پسی لال مرچ،ایک کھانے کا چمچ بھنا پسا زیرہ اور نمک ڈال کر پھینٹ لیں۔500گرام پالک کو باریک کاٹ لیں۔ایک پین میں تیل گرم کرکے کٹی پالک کو کرکری فرائی کریں۔اب دہی کو سرونگ باؤل میں نکال لیں۔آخر میں کرکری پالک شامل کرکے سرو کریں۔

ناریل اور ٹماٹر کا رائتہ

اجزاء۔

ٹماٹر۔ دو عدد(بڑے بڑے)

دہی ۔دو عددکپ

ککڑی۔ ایک عدد(کٹی ہوئی)

سبز مرچ۔ ایک عدد(کٹی ہوئی)

ناریل ۔ایک کپ(کٹے ہوئے)

نمک ۔آدھا ٹی سپون

زیرہ ۔ایک ٹی سپون (بھنا ہوا)

مرچ ۔چوتھائی ٹی سپون

دھنیا ۔سجاوٹ کے لئے

ترکیب۔

ٹماٹر وں کو دھو کر ان کے سلائس کاٹ لیں اور پھر دہی میں ناریل کے سلائس کٹے ہوئے ٹماٹر نمک اور زیرہ اچھی طرح سے مکس کر کر لیا جائے۔ ککڑی دھنیا کے پتے اور کٹی ہوئی مرچ اس کے اوپر سجا دیں۔ فریج میں ٹھنڈا کر نے کے بعد استعمال میں لائیں۔ بہت ہی عمدہ اور ذائقے سے بھر پور رائتہ تیا رہے۔

بینگن کا رائتہ

اجزاء۔

گول بینگن (بڑا سائز)۔ ایک عدد

دہی۔ ایک پاؤ

پیاز۔ ایک عدد

پودینہ ۔چند پتیاں

نمک مرچ۔ حسبِ ضرورت

ترکیب۔

بینگن تندور میں اچھی طرح سیاہ کروالیں۔ جیسے بھرتہ بناتے وقت کرتے ہیں اب صاف کر کے اچھی طرح پیس لیں۔ پودینے کی پتیاں اور پیاز بالکل باریک کاٹ لیں۔ دہی پھینٹ کر اس میں یہ پیاز اور پو دینہ ملا دیں۔ ساتھ ہی نمک مرچ بھی شامل کر دیں، اوپر سے بینگن کا کچو مر بھی شامل کر دیں اور اچھی طرح ملا لیں۔

بوندی کا رائتہ

اجزاء۔

بیسن(چھنا ہوا)۔ ایک پیالی

پسی ہوئی لال مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

پسی ہوئی ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ

دہی (پھینٹی ہوئی)۔ ڈیڑھ پیالی

پانی۔ آدھی پیالی

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔ تلنے کے لئے

ہری مرچ،ہری پیاز،چاٹ مصالحہ۔ سجانے کے لیے

ترکیب۔

بیسن میں لال مرچ،ہلدی اور نمک ملائیں اور تھوڑا سا پانی ڈال کر گاڑھا آمیزہ تیار کرلیں۔کڑاہی میں تیل گرم کریںاور اس آمیزہ کی چھوٹی چھوٹی بوندیاں تل کر نکال لیں۔ایک پیالے میں دہی،پانی اور نمک ملائیں،اس میں بوندیاں شامل کر دیں۔مزیدار رائتہ،ہری مرچ،ہری پیاز اورچاٹ مصالحہ چھڑک کر پیش کریں۔

ہرا مصالحہ رائتہ

اجزاء۔

دہی۔ آدھا کلو

پودینہ۔ دس سے بارہ پتے

چھوٹی ہری مرچ۔دو عدد

لہسن کا جوا۔ ایک عدد

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب۔

تمام اجزاء کو بلینڈر میں ڈال کر پیس لیں۔رائتہ تیار ہے۔

آلو کارائتہ

اجزاء۔

ابلے آلو۔ 3عدد

دہی۔ ایک کلو

تازہ دودھ۔ ایک پیالی

چینی۔ 2کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

باریک کٹا پودینہ۔ ½ گٹھی

کارن فلور۔ ایک کھانے کا چمچ

پسا سفیدزیرہ۔ ½ کھانے کا چمچ

کٹی کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

بگھار کے اجزاء ۔

ثابت لال مرچ۔ 4عدد

سفیدزیرہ۔ 1/2چائے کا چمچ

کڑی پتے۔ چندعدد

میتھی دانہ۔ 4عدد

تیل۔ 3کھانے کے چمچ

ترکیب۔

پہلے 3عدد ابلے آلوؤں کو میش کرلیں۔

اب بڑے پیالے میں ایک کلو دہی، ابلے آلو، ایک پیالی تازہ دودھ، 2کھانے کے چمچ،حسبِ ذائقہ نمک،2/1گٹھی باریک کٹا پودینہ،ایک کھانے کا چمچ کارن فلور،2/1کھانے کا چمچ پسا سفید زیرہ اور ایک چائے کا چمچ کُٹی کالی مرچ،اچھی طرح مکس کرکے تھوڑی دیر کے لئے رکھ دیں۔ اب 3کھانے کے چمچ تیل گرم کرکے 4عدد ثابت لال مرچ،2/1چائے کا چمچ سفیدزیرہ،چند کڑی پتے اور 4عددمیتھی دانے ڈال کر بگھار تیار کریںاور رائتے پر ڈال کر گرم گرم پراٹھے کے ساتھ سرو کریں ۔

شاہ جہانی رائتہ

اجزاء۔

تازہ دہی۔ ایک پاؤ

چکن۔ ایک چھٹانک (چھوٹے چھوٹے ٹکڑے)

کشمش۔ پانچ گرام

زیرہ۔ ایک ٹی سپون(بھنا ہوا)

مٹر۔ بیس گرام (بھگو کر تلے ہوئے)

سیاہ مرچ۔ ایک ٹی سپون

لوکی۔ تیس گرام (ابلی ہوئی)

بادام ۔چار عدد

پیاز ۔آدھی باریک کٹی ہوئی

سبز مرچ۔ ایک عدد

کیلا۔ ایک عدد

دھنیا اور پودینہ ۔سجاوٹ کیلئے

ترکیب۔

تازہ دہی لے کر اس کو اچھی طرح سے پھینٹ لیا جائے اور پھر اس میں ابلے ہوئے چکن کے ٹکڑے ملا لئے جائیں ۔ نیم گرم دودھ میں ایک ٹی سپون زعفران ملا کر اسے دہی میں ڈال دیں اور اس کے بعد اس میں مٹر ،سیاہ مرچ ،لوکی اور کیلے کو اچھی طرح آپس میں بلینڈ کر کے ملا دیں۔ کٹی ہوئی پنیر زیرہ اور بادام کے ساتھ ساتھ کشمش چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر ملا دیں۔ انھیں بھی پچھلے مرکب میں شامل کر کے اچھی طرح سے پھینٹ لیں ۔ پھر اس پر دھنیا اور پودینہ کے پتے سجا کر فریج میں رکھ دیا جائے۔ ایک گھنٹہ کے بعد ہی لذیذ ترین رائتہ تناول فرمائیں۔

کیپسی کم رائتہ

اجزاء۔

شملہ مرچ چھوٹے سلائس۔ 1عدد درمیانی

دہی۔ 2/1-1کپ

کالا نمک۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

پسی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

بھنا اور پسا زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

کٹے پودینے کے پتے۔ ایک کھانے کاچمچ

ترکیب۔

ایک پیالے میں 2/1-1کپ دہی ڈال کر پھینٹ لیں۔

اب اس میں ایک عدددرمیانی شملہ مرچ چھوٹے سلائس، 1چائے کا چمچ کالا نمک،حسبِ ذائقہ نمک،1چائے کا چمچ، پسی لال مرچ،1چائے کا چمچ، بھنا اور پسا زیرہ اور ایک کھانے کا چمچ کٹے پودینہ کے پتے ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔

لوکی کا رائتہ

اجزاء۔

لوکی ۔ ایک کپ

دہی ۔ دو کپ

نمک ۔ ایک چائے کا چمچ

تیل۔ آدھا چائے کا چمچ

کٹی لال مرچ ۔ آدھا چائے کا چمچ

زیرہ ۔ ایک سے آدھا چائے کا چمچ

ہری مرچ ۔ حسب ضرورت

ہرا دھنیا ۔ حسب ضرورت

کوئلہ ۔ایک عدد

ترکیب۔

لوکی کو کش کر کے ہلکا سا اسٹیم کریں اور ٹھنڈا کرلیں۔ دہی میں نمک اور زیرہ ڈآل کر پھینٹ لیں۔ اب اس میں ہرا دھنیا اور ہری مرچیں شامل کریں۔ کوئلہ جلا کر ایک پلیٹ میں رکھیں۔ اوپر سے تیل ٹپکائیں اور جس ڈش میں رائتہ نکالنا ہے اس ڈش کو الٹ کر رکھیں۔

تازہ ترین