• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیکیوں کے موسمِ بہار یعنی ماہِ رمضان میں خاص طور پر جمعے اور اتوار دسترخوان پر طرح طرح کے مزے دار پکوانوں اور دیگر لوازمات کی بہار سی ہوتی ہے۔ آج ماہِ صیام کا پہلا اتوار بھی ہے اور مدرز ڈے بھی۔ سو، اسی مناسبت سے چند تراکیب ہماری جانب سے پیشِ خدمت ہیں۔لیجیے، اپنے ہاتھوں سے اپنی پیاری ماں کے لیے افطار و سحر دستر خوان کی کچھ رونق بڑھائیے ۔

سحری کے لیے قیمہ توا کڑاہی

اجزاء: چکن قیمہ ایک کلو،پیاز(باریک کٹی ہوئی) آدھا کپ، ٹماٹر(کاٹ لیں)تین عدد، ہری مرچیں چھے عدد،لہسن، ادرک کا پیسٹ دو چائے کا چمچ، دہی(پھینٹ لیں) آدھا کپ، لال مرچ پاؤڈر ایک چائےکا چمچ، گرم مسالا(پِسا ہوا) ایک چائےکا چمچ، کالی مرچ(کُٹی ہوئی)ایک چائے کا چمچ،ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، ہرا دھنیا آدھی گڈی اور تیل۔

ترکیب: توے پر تیل گرم کرکےقیمہ بھون لیں۔پھر اس میںپیاز، ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر ہلکی آنچ پر اتنا بھونیں کہ پانی خشک ہوجائے۔ اب ٹماٹر، ہری مرچیں، دہی، نمک اورسُرخ مرچ ڈال کردھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ آخر میں گرم مسالاچھڑک کر دَم لگا دیں۔

نان پراٹھا

اجزاء: میدہ تین کپ، خمیر، چینی ایک ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، انڈا (پھینٹ لیں)ایک عدد، کلونجی ایک چٹکی،مکھن چار چائے کےچمچ،نیم گرم پانی حسبِ ضرورت اور تیل ۔

ترکیب: مکھن کے سوا تمام اجزاء مِکس کرکے نیم گرم پانی کے ساتھ آٹاگوندھ کےایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں( زیادہ بہتر تو یہی ہے کہ رات ہی میں آٹا گوندھ کر فریج میں رکھ لیاجائے)۔ پھرچھوٹےچھوٹےپیڑے بنا لیں۔ اور ایک پیڑے پرمکھن لگاکے اوپر دوسرا پیڑارکھ کر بیل لیں۔ گرم توے پر فرائی کرلیں۔

افطاری کے لیے پیالا چنا چاٹ

اجزاء: کابلی چنے(اُبلے ہوئے)ایک پاؤ، آلو (اُبال کر چوکور چھوٹے پیس کرلیں) حسبِ ضرورت، دہی ایک پاؤ، پیاز دوعدد، ٹماٹردو عدد، ہری مرچیں چار عدد، ہرا دھنیا (باریک کاٹ لیں) آدھی گڈی، لیموں دوعدد، گول گپّے حسبِ ضرورت، پاپڑی پانچ سے چھے عدد، نمک حسبِ منشاء،چاٹ مسالا حسب ِذائقہ اور پیالےحسبِ ضرورت۔

ترکیب: دہی پھینٹ کرپیالے میںنکال کر فریج میں رکھ دیں۔نیز، پیاز، ٹماٹر اورہری مرچیں بھی باریک کاٹ کر الگ الگ رکھ دیں۔پھرایک باؤل میں چنے، نمک اور لیموں کا رس ڈال کرکے مکس کرلیں۔اب ایک پیالالے کراس کے ایک حصّے میں چنے، دوسرےمیں آلو اور تیسرے میں گول گپّےاور اوپر سے پیاز، ٹماٹر،ہری مرچیں، ہرا دھنیا اور پاپڑی ڈال دیں۔آخر میں چاٹ مسالا چھڑک دیں ۔اسی طرح دیگر پیالے تیار کرلیں،البتہ دہی کاپیالا الگ رکھیں، تاکہ ہر فرد اپنی پسند کے مطابق ڈال سکے۔

انڈوں کے پکوڑے

اجزاء: انڈے (سخت اُبلے ہوئے چھیل کر آدھے انچ کے موٹے قتلے کاٹ لیں) چھے عدد، بیسن ایک کپ، سُرخ مرچ پاؤڈر دو چائے کے چمچ،کارن فلور دو چائے کے چمچ، نمک حسبِ ِضرورت، سویا ساس ایک چائے کا چمچ ، چلی گارلک ساس دو چائے کے چمچ اور تیل۔

ترکیب: ایک باؤل میںبیسن سمیت تمام اجزاء(انڈوں کے علاوہ) ڈال کر گھول لیں اور آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔پھر تیل گرم کرکے انڈوں کا ایک ایک قتلہ بیسن کے آمیزے میں ڈبو کر ہلکی آنچ پہ پکوڑوں کی طرح فرائی کرلیں۔

مکس فروٹ شیک

اجزاء: تربوز (چھوٹے ٹکڑے)آدھا کپ، انناس حسبِ ضرورت، چیکو (چھیل کر کاٹ لیں)دو عدد، شوگر سیرپ حسبِ ذائقہ، برف(کُٹی ہوئی)آدھا کپ اور پانی آدھا کپ۔

ترکیب: تمام اجزاء بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کریں اور گلاسوں میں ڈال لیں۔

(عائشہ مصطفیٰ، کراچی)

تازہ ترین