ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تین دن میں اگرحکومت نے مذاکرات نہ کیے تو آؤٹ ڈور کے ساتھ ساتھ اسپتالوں کے ان ڈور بھی بند کردیں گے۔ پنجاب اسمبلی کے اگلے سیشن پر صوبے بھر کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف دھرنا دیں گے۔
سروسز اسپتال لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدے داروں کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کی نجکاری مسترد اورسول سرونٹ ایکٹ ختم کرنے کی مخالفت کرتے ہیں۔
عہدے داروں نے کہا کہ اسپتالوں کو ٹھیکیداروں سے نہیں چلایا جا سکتا، اسپتالوں کو کاروباری مراکز بنانے کے خلاف تمام تنظیمیں متحد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک حکومت نے باقاعدہ مذاکرات کی کوشش نہیں کی۔