وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت میں انتخابی مہم کے دوران پاکستان کارڈ کھیلنا معمول بن چکا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بھارت وسیع رقبے کے باوجود عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہے، پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود زیادہ بردباری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ جعفرآباد ایکسپریس حملے پر پاکستان نے ذمے دارانہ رویہ اپنایا، داخلی خامیوں کا اعتراف کیا، غیر ملکی مداخلت کے شواہد کے باوجود پاکستان نے معاملے کو سنجیدگی سے نمٹایا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام سانحے پر بھارت کا ردعمل غیر ذمے دارانہ اور فوری تھا، بھارت کی حکومت اور میڈیا نے بغیر ثبوت کے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ کسی پاکستانی سیاسی رہنما نے انتخابی مقاصد کے لیے بھارت مخالف جذبات نہیں بھڑکائے، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت غیر ذمے دارانہ رویہ ترک کرے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا اور حکمرانوں کا رویہ انتہائی غیر ذمے دارانہ اور ستم ظریف ہے۔