پنجاب کے شہر سرگودھا اور اس کے گردونواح میں سحری میں موسلادھار بارش ہوئی، جس کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
واقعہ سرگودھا کے نواحی علاقے شاہ نکڈر کے گاؤں 160شمالی میں پیش آیا جہاں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
سرگودھا میں بارش شروع ہوتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔
اسلام آباد، لودھراں، چیچہ وطنی اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں سحری میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
آزاد کشمیر کے ضلع نکیال میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، پنجاب کے ضلع چیچہ وطنی میں بھی صبح سویرے ہونے والی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
بارش کے دوران بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
زرعی ماہرین کا کہنا ہے بارش سے گندم کی کھڑی فصل کو نقصان پہنچے کا اندیشہ ہے۔
ضلع بدین میں چلنے والی تیز ہوا نے گرمی کی شدت کم کردی ہے اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ میں آج آندھی اور بارش کا امکان ہے،قلات، مالاکنڈ، کوہاٹ، گلگت بلتستان میں بھی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔