• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون میں بہت سے لوگ ہیں جو جنوبی پنجاب صوبے کی حمایت کرتے ہیں، نون لیگ سے درخواست کریں گے کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بننے دے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب کو علیحدہ تشخص دینے کا وعدہ کیا تھا، ہم نے جنوبی پنجاب صوبے کا بل قومی اسمبلی میں متعارف کروا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے لیے آئین میں ترمیم درکار ہیں، ملتان ڈویژن، بہاولپور ڈویژن اور ڈیرہ غازی خان کے علاقے جنوبی پنجاب میں شامل ہوں گے، ایک نیا صوبہ بنے گا تو اس کی نئی اسمبلی بھی ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنے گا تو سینیٹ کی سیٹوں میں بھی اضافہ کرنا ہو گا، پنجاب کی تقسیم پر آبادی کی بنیاد پر سیٹیں تقسیم ہوں گی، اس تقسیم کے بعد جنوبی پنجاب کی نشستیں 120ہوجائیں گی، جبکہ پنجاب کی سیٹیں 251 رہ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی علیحدہ ہائی کورٹ ہوگی، آرٹیکل 218 میں ترمیم کے بعد پاکستان کے صوبے چار کے بجائے 5 ہوجائیں گے،بل کے لیے تحریک انصاف کے پاس 2 تہائی اکثریت نہیں، دو تہائی اکثریت نہ ہونے کے باعث پیپلز پارٹی سے تعاون مانگا ہے، جہاں سے اس مسئلے پر مثبت جواب آیا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اس معاملے پر دیگر جماعتوں سے بات چیت ہو گی، ہم یہ نہیں چاہتے کہ اس کا سہرا کسی ایک جماعت کے سر ہو، نون لیگ سےدرخواست کریں گے کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بننے دے، انہیں سمجھائیں گہ کہ3 اضلاع پرصوبہ نہیں بن سکتا۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ بل کی تیاری میں خسرو بختیار صاحب سمیت دیگر رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوم متفق ہے۔

تازہ ترین