• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، شہری نے جرمانہ ادا کرکے 4 قیدیوں کو رہائی دلا دی

عدالتوں سے ملنے والی قید کی سزائیں پوری ہونے کے بعد جرمانے کی رقم نہ ہونے کی وجہ سے اضافی قید کاٹنے پر مجبور کراچی کے 4 قیدیوں کا 80 ہزار روپے جرمانہ ایک مخیر شہری نے ادا کرکے انہیں رہائی دلا دی۔

آئی جی جیل خانہ جات سندھ مظفر عالم صدیقی نے ’جنگ‘ کو بتایا کہ عدالتوں کی جانب سے سزائیں پوری کرنے کے بعد جرمانوں کی رقم کی عدم ادائیگی کی بنا پر بیشتر قیدی اضافی سزائیں کاٹنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں دکھی انسانیت کی مدد کے لیے مخیر حضرات بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور ایسے ہی ایک مخیر شہری نے 4 قیدیوں کے جرمانے کی رقم ادا کرکے انہیں رہائی دلائی ہے۔

جیل حکام کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس گلشن اقبال کے ہاتھوں گرفتار ایک ملزم ذیشان معین کو عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا 13 مئی کو پوری ہوگئی تھی مگر جرمانہ نہ ہونے کی وجہ سے اسے مزید 3 ماہ قید کاٹنا تھی،تاہم مخیر شہری کی جانب سے 50 ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد اسے سینٹرل جیل کراچی سے رہا کردیا گیا ہے۔

سائٹ بی تھانے کی حدود سے گرفتار ایک ملزم محمد یاسر کی سزا یکم مئی 2019 کو پوری ہوگئی مگر جرمانہ نہ ہونے کی وجہ سے اسے مزید ایک ماہ اور 20 دن سزا کاٹنا تھی جسے مخیر شہری کی جانب سے 25 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کے بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔

جیکسن پولیس کے ہاتھوں گرفتار سلمان کی سزا 23 اپریل کو پوری ہوگئی تھی اسے مزید 2 ماہ کاٹنا تھی کہ مخیر شہری کی جانب سے 3 ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد اسے جیل سے رہا کردیا گیا۔

پی آئی بی کالونی پولیس کے ہاتھوں گرفتار سینٹرل جیل کے ایک قیدی منور خان کی سزا 8 اپریل کو پوری ہوگئی تھیمگر جرمانے کی عدم ادائیگی کی بنا پر وہ 2 ماہ کی اضافی قید کاٹ رہا تھا کہ اسے بھی جرمانہ ادا کرنے کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات کے مطابق ایسے مزید درجنوں قیدیوں کی رہائی کیلئے بھی مخیر حضرات کی جانب سے جرمانوں کی ادائیگی کا سلسلہ کیا جارہا ہے تاکہ وہ رمضان المبارک اور عید اپنے پیاروں کے ساتھ منا سکیں۔

تازہ ترین