• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے قیام کیلئے کابینہ کمیٹی کا اجلاس

وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر سندھ میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے قیام کی غرض سے کابینہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ماحولیات تیمور تالپور کی زیرصدارت ہوا۔

اجلاس میں صوبے میں امن وامان کے قیام کے لئے سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے قیام اور جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کے لئے تیز تر اقدامات کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے بائی لاز کے حتمی ڈرافٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ ڈرافٹ سندھ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

اجلاس میں وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ اور وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے فرائض و ذمہ داریاں، قوانین، قواعد و ضوابط، گورننگ باڈی اور اتھارٹی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ضروری ہدایات دی گئیں۔

اجلاس میں سیکریٹری محکمہ داخلہ سندھ عبد الکبیر قاضی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی اور سندھ سیف سٹی اتھارٹی کی ساخت کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر کابینہ کمیٹی کے اراکین نے رائے دی کہ سندھ سیف سٹی اتھارٹی سندھ پولیس کے ماتحت ہونی چاہئے تاکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول پولیس کے پاس ہونے سے کسی بھی صورتحال میں پولیس فوری ایکشن لے سکے۔

تازہ ترین