• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیلس کے مقامی ہوٹل میں دوسرے پاک امریکا کاروباری سربراہی اجلاس اور کانفرنس کا انعقاد ہوا،مذکورہ پروگرام پاکستان امریکن بزنس فورم،راولپنڈی چیمبر آف کامرس(آرسی سی آئی)اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔تقریب میں دونوں ملکوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری وفد کے اراکین نے شرکت کی۔ اس ضمن میں دو سیشن منعقد ہوئے، صبح کے سیشن میں پاکستان امریکن بزنس فورم کے صدر وقارخان نے تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر شاہد سلیم، نائب صدر فیاض قریشی ، علاقائی تجارتی کمیٹی کے چیئرمین خورشید برلاس اور ڈائریکٹر پی ڈبلیو ٹی ٹی کے فہد برلاس نے بین الاقوامی مارکیٹوں میں پاکستانی مصنوعات کی موجودگی کو بڑھانے کے لئے اپنی تنظیم کی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے روشی ڈالی۔ شمالی ٹیکساس کے کمشنر چیئرمین کرس والیس نے حاضرین کو مقامی مارکیٹ کی ضروریات کو بڑھانے اور سرمایہ کاروں کو مواقعے فراہم کرنے کے بارے میں بات کی ۔جبکہ فالکن ہولڈنگز کے سی ای او اور امریکی پاکستانی تاجر اسلم خان نے شمالی ٹیکساس میں کاروبار کرنے سے متعلق تاجروں کو آسان طریقہ کار سے متعلق بات کی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان سے مقامی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات کو متعارف کرانے میں بہت تعاون کیا جس پر وہ ان کے شکر گذار ہیں۔ رچرڈسن کے میئر پال وئیلر نے پاکستانی تاجروں کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سٹی ان تاجروں کو سہولیات فراہم کرے گی جو کہ اپنے کاروبار کو رچرڈسن شہر میں لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نارتھ ٹیکساس نئے بزنس کے اعتبار سے تاجروں کے لیےپرکشش مقام رکھتا ہے۔

دوسری پاک امریکا تجارتی کانفرنس
ڈیلس کے مقامی ہوٹل میں پاکستان اور امریکا کے تاجر نمائندہ اور سول واعلیٰ حکام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے

مہمان خصوصی مسٹر ایس ایم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں بزنس کے بڑے مواقعے موجود ہیں اور پاک چین راہداری اس ضمن میں امریکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مقام کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی تجاویز پر موجودہ حکومت کی جانب سے بھی مستقبل میں بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کے لیے اہم اقدامات کیےہیں،تاکہ سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں پر مشتمل یہ تنظیم بھی اس ضمن میں تاجروں کو مدد فراہم کررہی ہے۔ایس ایم منیر کا مزید کہنا تھا کہ دونوںممالک کے تاجروں پرمشتمل ہونے والے اس طرح کے ایونٹ کی مزید ضرورت ہے تاکہ ایک دوسرے کے درمیان نیٹ ورکنگ کا سلسلہ قائم ہو سکے۔ انہوں نے امریکی تاجروں کو کراچی میں منعقدہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔کانفرنس کے اختتام پر ان کے ترجمان ندیم زمان کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ گزشتہ کی گئی کانفرنسوں کا ایک تسلسل تھا، گزشتہ سال ہونے والے پاک امریکا تاجروں کا ایونٹ اسلام آباد میں منعقدہ کیا تھا، جبکہ ڈیلس کے دیگر شہروں میں بھی اس طرح کے ایونٹ منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس موقعے پر سا بق صدر وقار خان اور جسمین حفیظ خان کی تاجروں کی سہولیات کے لیے کی گئی کاوشوں اور سروسز پر ان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، جبکہ نئے صدر ریاض حسین کو منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے راجہ زاہد اختر خانزادہ کو کمیونٹی سروسز ایوارڈ ملنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور دیگر ایوارڈ یافتہ کمیونٹی رہنمائوں اور تاجروں کی خدمات کو بھی سراہا۔

تازہ ترین