• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فردوس عاشق کی بلاول بھٹو کے افطار ڈنر پر تنقید

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے افطار ڈنر کو ہدف تنقید بنایا۔

لاہور ریلوے اسٹیشن کے قریب پناہ گاہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو مسائل کا روزہ رکھوانے والے افطاریوں کی آڑ میں ذاتی مفادات کو تحفظ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افطار کے نام پر منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش کرنا افسوسناک ہے،اپوزیشن کو اپنی نیت کی مار پڑ رہی ہے، یہ صرف اپنی دولت اور اولاد کے مستقبل کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں۔

مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اپنے بچوں کےلئے حکومت کے خلاف اکٹھے ہونے جارہے ہیں،یہ صرف اپنی دولت اور اولاد کے مستقبل کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افطار کے نام پر منتخب جمہوری حکومت کیخلاف سازش کرنا افسوسناک ہے،انہیں منہ کی کھانا پڑے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف ایک کڑوی گولی ہے،جس کا مستقبل میں فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قوم کو قرضوں کے انجکشن لگائے اور معیشت کو لہولہان کردیا، دشمن طاقتیں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال کر بلیک لسٹ میں لانے کی کوششیں کررہی ہیں، منی لانڈرنگ کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں شامل ہوا۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے قوم کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر انہیں سہانے خواب دکھائے،حکومت منی لانڈرنگ کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرے گی۔

تازہ ترین