ملتان.........ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا میں ضمنی الیکشن کل صبح ہو رہے ہیں جس میں مسلم لیگ ن ، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ، امن و امان برقرار رکھنے کے لئے حساس پولنگ اسٹیشن پر فوج بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
جلالپور کے ضمنی الیکشن میں دس امیدوار میدان میں ہیں جبکہ مقابلہ مسلم لیگ ن کے رانا قاسم نون ، تحریک انصاف کے غلام عباس کھاکھی اور پیپلز پارٹی کے محمد اکرم کنہوں کے درمیان ہو گا ۔
الیکشن میں پولنگ کے لئے 276 پولنگ اسٹیشز قائم کئے گئے ہیں جس میں تین لاکھ 79 ہزار اور 962 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ، 75 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔ جبکہ شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے فوج کو بھی تعینات کیا گیا ہے جو حساس پولنگ اسٹیشن پر تعینات رہے گی ۔
این اے 153 کا علاقہ جلالپور شہر ، مضافات ، شجاع آباد کی کچھ یونین کونسل اور بہادر پور کے علاقے تک پھیلا ہو ا ہے ، این اے 153 کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے دیوان عاشق بخاری کی جعلی ڈگری پر خالی ہوئی تھی جس پر الیکشن ہو رہے ہیں ۔