اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی )جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مو لانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نیب کےچیئرمین سے متعلق ویڈیو دیکھ کر انہیں انتہائی افسوس ہوا ہے،ملک میں جس طرح احتساب کا عمل جاری ہے، نیب کا ادارہ اپنے احتساب کے عمل کو کھو چکا ہے ،انہوں نے نیب کے ادارے کو منجمد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا پہلے ہی دن سے یہ موقف تھا کہ نیب کا ادارہ ایک آمر کے ذہن کی تخلیق ہے اس ادارے کو ختم ہونا چاہیے۔ سیاستدانوں کے خلاف احتساب ہمیشہ فعال رہتا ہے جس ملک میں متوازی عدالتی نظام ہو گا وہاں انصاف کا حصول مشکل ہو گا ۔ ہفتہ کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کے اندر پہلے سےتفتیشی ادارے یا احتسابی نظام موجود ہے ،مستقل احتسابی ادارہ لانا آمرانہ ذہن کے مقاصد کی تکمیل ہے ،نیب کے طرز عمل سے سیاسی عمل اور معیشت کو نقصان پہنچا ہے، نیب کی کارروائیوں سےملک کی سیاست اور معیشت بھی کمزور ہوتی جارہی ہے، نیب کےسیاسی انتقام کے طرز عمل نےسیاست کو متاثر کیا اور پیسے کی گردش کو روک دیا ہے، نیب کے احتساب سےملک کی سیاست کے ساتھ معیشت بھی ڈوب جائے گی ، نیب اپنے مقاصد میں ناکام ہو چکا ہے اسے منجمد کر دینا چاہیے ۔