کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت سے کام آئین سے متصادم ہیں ،اس دلیل پر مریم نواز سے پارٹی عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ نہیں کیا جاسکتا ،سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62/63کے تحت نااہلی کا اطلاق پارٹی سربراہ پر کیا ہے باقی عہدوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے،الیکشن کمیشن نے حیران طور پر مریم نواز کے پارٹی عہدے کیخلاف درخواست بہت جلدی منظور کرلی، رویت ہلال میں نتائج کا بہتر حصول سائنسی طریقوں سے ممکن ہے، مفتی منیب الرحمن اور مفتی پوپلزئی کے ہوتے ہوئے ملک میں ایک عید نہیں منائی جا سکتی۔ان خیالات کا اظہار حسن نثار، مظہر عباس، ریما عمر، بابر ستار، سلیم صافی اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کیلئے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرلی، مریم نواز کی نائب صدر تقرری آئین و قانون سے متصادم ہے، درخواست گزار،کیا مریم نواز کو پارٹی عہدہ چھوڑ دینا چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے کام آئین سے متصادم ہیں ،اس دلیل پر مریم نواز سے پارٹی عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ نہیں کیا جاسکتا ہے، مریم نواز میں سکت ہے تو سیاست کرلے گی ورنہ عہد ہ بھی مل جائے تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔