اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم عمران خان اسلامی تعاون تنظیم کے 14ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے کل سعودی عرب جائیں گے۔ اجلاس جمعے سے مکہ میں شروع ہورہا ہے۔یہ سربراہ اجلاس اسلامی تعاون تنظیم کے اراکین کو اسلامی ملکوں کو درپیش سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی کے مسائل کے بارے تبادلہ خیال کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ وزیراعظم دیگر اہم معاملات کے علاوہ مسلم امہ کی یکجہتی اور اتحاد کی اہمیت ، مسلمانوں کے نصب العین جن میں جموں و کشمیر، اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان سے نمٹنے اور تعلیمی اور سائنسی معیار کو یقینی بنانا شامل ہے کی حمایت پر خصوصی توجہ دیں گے۔سال2019 کو اسلامی تعاون تنظیم کے قیام کی پچاس سال مکمل ہونے کے طور پر منایا جارہا ہے۔