• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ: 40 فیصد جامعات مالی بحران کا شکار، اخراجات میں کمی کیلئے جامعات بند ہونے لگیں

انگلینڈ کی 40 فیصد سے زائد یونیورسٹیاں مالی بحران کا شکار ہیں، آفس فار اسٹوڈنٹس کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نگران ادارے آفس فار اسٹوڈینٹس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک کی 43 فیصد یونیورسٹیاں رواں سال موسم گرما تک مالی خسارے میں جانے کی توقع رکھتی ہیں۔ 

اس پریشان کن انکشاف نے تعلیمی شعبے میں گہری تشویش پیدا کر دی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 270 میں سے 117 یونیورسٹیاں اخراجات میں کمی کےلیے کورسز بند کر رہی ہیں، ملازمتیں ختم اور عمارتیں فروخت کر رہی ہیں۔ 

تاہم نگران ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات سے نکلنے کے لیے "بنیادی اصلاحات اور مؤثر اقدامات" ناگزیر ہیں۔ یہ بحران مسلسل تیسرے سال شدت اختیار کر رہا ہے۔

اس کی بنیادی وجہ بین الاقوامی طلبہ کی تعداد میں نمایاں کمی ہے، خاص طور پر جنوری 2024 میں ویزا پالیسی میں کی گئی تبدیلیوں کے بعد یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی طلبہ کی تعداد میں گزشتہ سال توقع کے برخلاف تقریباً 16 فیصد کمی واقع ہوئی۔

یونیورسٹیز یوکے جو ملک کی 141 جامعات کی نمائندہ تنظیم ہے، نے رپورٹ کو "انتہائی تشویشناک" قرار دیا اور کہا یہ صورتِ حال نہ صرف یونیورسٹی کے عملے اور طلبہ کے لیے، بلکہ ملک کی مجموعی تعلیمی و معاشی پالیسی کے لیے بھی لمحہ فکریہ ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید