پاکستانی نثراد کینیڈین سوشل میڈیا اسٹار زیدعلی اپنی اہلیہ کے ہمراہ پاکستان میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے اندرونِ سندھ کے گاؤں میں ’مسلم ہینڈزکینیڈا‘ کے تعاون سے ضرورت مندوں کے لیے افطار کا اہتمام کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر زید علی نے افطار کی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں جس میں وہ اور اُن کی اہلیہ یمنیٰ زید علی روزداروں کو افطاری کراتے نظر آرہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ہم رمضان المبارک کے مہینے میں پاکستان ایک مقصد کے لیے آئیں ہیں اور وہ مقصد ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہے۔
انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں زید علی نے لکھا کہ وہ اپنی ساری زندگی ہمیشہ اس موقع کی تلاش میں رہے کہ وہ اپنی سوسائٹی کے لیے کچھ کریں لیکن انہیں کبھی بھی ایسا موقع میسر نہیں آیا۔ تاہم اب اُنہیں یہ موقع مل سکا ہے کہ وہ ضرورت مندوں کے لیے کچھ کریں۔
سوشل میڈیا اسٹار نے اپنے پیغام میں لکھا کہ انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ انہیں ضرورت مندوں کے لیے کچھ کرنے کا موقع ان کے اپنے ملک پاکستان میں ملا ہے۔ یہاں کے لوگوں نے انہیں بہت پیار اور عزت دی ہے جس نے ان کی تمام پریشانیاں بھلا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے پاس زیادہ کچھ نہیں ہے لیکن اس کے باجود یہ لوگ بہت شکر گزار ہیں۔
زید علی کا مزید کہنا ہے کہ ’کسی کی مدد کرنے سے جو خوشی حاصل ہوتی ہے وہ کسی اور کام میں نہیں‘ آج انہیں ایسا کر کے اس بات پر یقین ہوگیا ہے۔ وہ یہاں موجود لوگوں کے چہروں پر جو مسکراہٹ دیکھ رہے ہیں وہ اُن کے لیے کسی بھی قیمتی شے سے کم نہیں ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے لکھا کہ ہمیں اپنی زندگی میں ہمیشہ شکر الحمداللہ کہتے رہنا چاہیے اُن تمام چیزوں کے لیے جو ہمارے پاس موجود ہیں۔
واضح رہے کہ ’مسلم ہینڈز‘ نے 1993 میں نوٹنگھم، برطانیہ سے کام کا آغاز کیا تھا، اور اب ان کے فلاحی، امدادی اور ترقیاتی منصوبے 50 سے زائد ممالک میں چل رہے ہیں۔ اس کے رابطہ دفاتر برطانیہ، فرانس، جنوبی افریقہ اور کینیڈا میں بروئے کار ہیں۔