• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجئیم: عام انتخابات میں پاکستانی اُمیدواروں کی بہتر کارکردگی

بیلجئیم کے عام انتخابات میں حصہ لینے والے پاکستانی نژاد اُمیدواروں کی پہلے سے بہتر کارکردگی سامنے آئی ہے لیکن کوئی بھی اسمبلی تک نہیں پہنچ سکا۔

تفصیلات کے مطابق 26 مئی کو بیلجئیم میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں مختلف سیاسی پارٹیوں کی جانب سے حصہ لینے والے اُمیدوار کو اس کی پہلے سے بہتر کارکردگی کے باوجود کوئی سیٹ نہیں مل سکی۔

سب سے اہم مقابلے برسلز کی ریجنل پارلیمنٹ کے لیے ہوئے جہاں سوشلسٹ پارٹی کے محمد عامر نعیم نے 1981 ووٹ حاصل کیے، دوسرے نمبر پر سابق حکمران جماعت MR کے ٹکٹ ہولڈر امین الحق رہے جن کے حصے میں 646 ووٹ آئے۔

تاہم Open- Vld کی لائمہ خان نے 454 اور MR ہی کی عطیہ لون نے 419 ووٹ حاصل کیے۔

دوسری جانب دارلحکومت برسلز سے باہر گینٹ کے علاقے سے فلامش پارلیمنٹ کے لیے گرین پارٹی کے اُمیدوار امجد شاہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3277 ووٹ لیے جبکہ بیلجئیم کے دوسرے بڑے شہر اینٹورپ سے فحر ندیم عباس نے بھی 1600 سے زائد ووٹ حاصل کئے۔

دارلحکومت برسلز کے نتائج اس لیے اہم شمار کئے جاتے ہیں کہ بیلجئیم بھر میں پاکستانی کمیونٹی کی سب سے بڑی تعداد یہاں ہی رہائش پذیر ہے لیکن یہ تعداد اتنی بڑی نہیں کہ اکیلے کسی ایک ممبر کو منتخب کروالے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ساری کمیونٹی مل کرکسی ایک شخص کو ووٹ دے۔

دوسری جانب دانشمند حلقوں کا کہنا ہے کہ اسی کا نام جمہوریت ہے کہ لوگ بڑی پارٹیوں میں جائیں اور وہاں سیاست کریں۔

اس الیکشن کی خاص بات پاکستانی کمیونٹی کی دو خواتین کا الیکشن میں سامنے آنا ہے جس سے پاکستانی کمیونٹی کی دیگر خواتین کو بھی سیاسی عمل میں آنے کے لیے حوصلہ افزائی ہوگی۔

تازہ ترین