پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں شکست کو ایک برا دن تصور کرکے اس سے آگے بڑھنے کی کوشش کرے گی تاکہ اگلے میچز میں کم بیک کیا جاسکے۔
ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں پاکستان ٹیم کی سات وکٹ سے شکست کے بعد پریس کانفرنس میں سرفراز احمد نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، بیٹنگ ٹھیک نہیں کی، کچھ غلط شاٹس کھیلیں اور ابتدا میں وکٹیں جلد گرجانے کے بعد کم بیک نہیں کرسکے جس کی وجہ سے ٹیم کو شکست ہوئی۔
سرفراز احمد نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل نے کافی اچھی بولنگ کی اور ان کے اسپیل نے گیم ٹرن کردیا۔ کیوں کہ پاکستان ٹیم ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد پریشر میں آگئی۔
قومی ٹیم کے کپتان نے ایک سوال پر کہا کہ ابھی آٹھ میچز باقی ہیں ، امید ہے کہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں کم بیک کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو معلوم تھا کہ ویسٹ انڈیز کے بولرز کس طرح کی گیندیں کرائیں گے اور ٹیم نے اس کی تیاری بھی کی لیکن اس کو ٹھیک طرح اپلائی نہیں کرسکے۔
ایک سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں میچز جلد شروع ہورہے ہیں جس کے بعد ٹورنامنٹ میں ٹاس کا کردار کافی اہم ہوگیا ہے ، جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی وہ فیلڈنگ کو ترجیح دے گی تاکہ ابتدا کی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھایا جاسکے۔
اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈرنے کہا کہ آندرے رسل کے اسپیل نے میچ کو تبدیل کیا۔
جیسن ہولڈر نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ بولرز نے شروع ہی سے اچھی بولنگ کی اور مومینٹم حاصل کرلیا۔
ویسٹ انڈین کپتان کا کہنا تھا کہ ہم ایسا ہی آغاز چاہتے تھے ۔سوچ کر میدان میں اترے تھے کہ جارحانہ بولنگ کرنا ہے ۔آندرے ایسا کھلاڑی ہے جو کبھی بھی میچ جتوا سکتا ہے۔انکا کہنا تھا کہ ہم میچ بائی میچ پلان کررہے ہیں۔