پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ نریندر مودی ہمیں ڈرائیں نہیں ہم سے ڈریں۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ لوگ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ڈرامے کا اسکرپٹ اچھی طرح جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا پاکستان پر جھوٹا اور بے بنیاد الزام ہے، نریندر مودی کے پروپیگنڈے کو لوگ سمجھتے ہیں۔
سینیٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو کوئی یکطرفہ معطل نہیں کرسکتا، بھارت نے کئی بار سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نریندر مودی ہمیں ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں، وہ ہمیں نہ ڈرائیں بلکہ ہم سے ڈریں، مودی بھارت کو تباہی کی طرف لے کر جارہا ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ بھارت کو کوئی حق نہیں کہ ہمارے پانی پر ہاتھ ڈالے، مودی سرکار نے پاکستان کے پانی کا ایک قطرہ بھی موڑا تو دشمن کا حملہ سمجھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کو پیغام ہے دھمکی بند کریں، بیان واپس لیں، بھارت کے عوام مودی سرکار کے ساتھ نہیں ہیں، پاکستان کو خطے میں عدم استحکام کی کوئی خواہش نہیں۔