وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ ہمارے فیصلوں میں بڑی سیاسی کمزوریاں ہیں۔
ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے اپنی حکومت کے حوالے سے کئی اعترافات کئے،ان کا کہنا تھا کہ اہم فیصلے ہوجاتے ہیں اور ہمیں پتہ ہی نہیں چلتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سابقہ وزارت میں غیر منتخب افراد نے مداخلت کی،ایک وقت میں 5لوگ کام کریں تو وہی ہوگا جو ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارتیں غیر منتخب لوگوں کی وجہ سےتبدیل ہوئیں، غیر منتخب افراد پر کافی اعتراضات ہیں۔
فواد چوہدری نے استفسار کیا کہ کیاپارٹی ان لوگوں کے حوالے کر دیں جو کونسلر نہیں رہے؟ فیصلے منتخب لوگ کرتے ہیں غیر منتخب نہیں، فیصلے منتخب افراد کو کرنے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان غیر منتخب اور منتخب لوگوں کی سرد جنگ ہے،میں نے کہا شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین نہ بنائیں انہیں بنادیا گیا۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اس وقت سول ملٹری تعلقات بہترین ہیں،فیصلہ سازی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر نہیں ڈالا وہ باہر چلے گئے،ان ساری چیزوں کا ہم پر اثر ہوتا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی تو آپ کی سیاست بالکل ٹھپ ہوجائے گی۔