نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کور کمانڈر الیون اور کمشنر الیون کے مابین رمضان نائٹ ٹی 20 کرکٹ میچ کھیلا گیا، جس میں کور کمانڈر الیون نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کمشنر کراچی الیون کو تین وکٹوں سے ہرا دیا۔
کمشنر کراچی الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 142 رنز کا ہدف دیا، جواب میں کور کمانڈر الیون نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر احمد بخاری نے دونوں ٹیموں کی کارکردگی کی تعریف کی اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اس طرح کے میچز کا انعقاد شہر میں امن کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے کورکمانڈر الیون اور کمشنر کراچی الیون کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور کور کمانڈر الیون کے کپتان بریگیڈیئر عبدالسمیع کو ونرز ٹرافی سے نوازا گیا۔
کرکٹ میچ میں نامور شخصیات نے شرکت کی جن میں مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر احمد بخاری، کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی سمیت کراچی کی سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، مسلح افواج، رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران اور ان کےاہل خانہ شامل تھے۔
اس کے علاوہ میڈیا نمائندگان سمیت اولمپئن اصلاح الدین، کرکٹر جلال الدین، شعیب محمد اور معین خان نے بھی شرکت کی۔