کچھ عرصے پہلے سائنسدانوں نے یہ انکشاف کیا تھا کہ سیارہ زحل کے سب سے بڑے چاند ٹائٹن کی سطح پر دریا اور سمندر موجود ہیں۔
لائیو سائنس کی رپورٹ کے مطابق ایک نئی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ٹائٹن کے دریاؤں میں ڈیلٹا نہیں ہے۔
نظامِ شمسی میں زمین کے علاوہ ٹائٹن واحد ایسی جگہ ہے جس کی سطح پر مائع بہتا ہے۔
محققین نے حال ہی میں سیارہ زحل کے سب سے بڑے چاند ٹائٹن پر ڈیلٹا کی تلاش کی لیکن اُنہیں وہاں کوئی ڈیلٹا نہیں ملا۔
اس تحقیق کے سربراہ سیم بیرچ نے کہا کہ ہم اس بات کو معمولی سمجھتے ہیں کہ اگر کہیں دریا موجود ہیں تو یقیناََ ڈیلٹا بھی موجود ہوگا لیکن اس حوالے سے ٹائٹن بہت ہی عجیب ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک ماہر ارضیات کے لیے مایوس کن بات ہے کیونکہ ڈیلٹا کو ٹائٹن کی تاریخ کا بہت سا حصّہ محفوظ رکھنا چاہیے۔
ڈیلٹا سمندر کے کنارے واقع ایک تکون جگہ کو کہتے ہیں جو دریا کے سمندر میں گرنے سے قبل دریا کی سست رفتار کی وجہ سے پھٹ کر کئی شاخوں میں تقسیم ہونے کے باعث بنتی ہے۔
ڈیلٹا پر دریا چھوٹی چھوٹی شاخوں کی صورت میں بہتا ہوا سمندر میں جا گرتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ناسا کے کیسینی خلائی جہاز کو ٹائٹن کی سطح پر مائع میتھین کے دریاؤں اور سمندروں کی موجودگی کے شواہد ملے تھے۔
تاہم، ابھی سائنسدانوں کو ٹائٹن کی ساحلی خصوصیات کو سمجھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔