تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پاپا، پھپھو اور پپو (پی پی پی) پارٹی کراچی دشمن جماعت ہے۔
کراچی میں خرم شیر زمان،بلاول غفار و دیگر اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں فردوس شمیم نقوی نے حکومت سندھ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سندھ کا مقدمہ نہیں لڑسکتے۔
فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو نکالے بغیر کنواں پاک نہیں ہوگا،سندھ حکومت سے گندم کا حساب مانگتے ہیں تو کہتے ہیں گندم چوہے کھاگئے، وہ کون سے چوہے ہیں جو گندم کھاگئے؟
اپوزیشن لیڈر نے کراچی کو کمائو پوت اور دودھ دینے والی گائے قرار دیا اور کہا کہ مراد علی شاہ تم کيسے چيف منسٹر ہو جو سندھ کا مقدمہ نہیں لڑسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ ہر دن کوئی نہ کوئی شوشہ چھوڑ دیتے ہیں،وہ کہتے ہیں سندھ کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے جبکہ اس الزام میں کوئی حقیقت نہیں۔