• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’حکومت کا احساس پروگرام 115پالیسیوں پر مشتمل ہے‘

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود ثانیہ نشترنے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا احساس پروگرام 115 پالیسیوں پر مشتمل ہے، جو غربت کے خاتمے کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کےد وران ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت حکومتی اداروں کو غیر سیاسی بنانا ہے، ملک گیر سروے سے غریب اور مستحق افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔

انہوں نےکہا کہ اکتوبر میں رقم کی ترسیل کا نیا نظام متعارف کرائیں گے، کفالت کے ذریعے 70لاکھ خواتین کو وظیفہ دیا جائے گا، خواتین کو موبائل فون بھی دیئے جائيں گے اور غریب افراد کےلئے بچت اکائونٹس کھولنے کا عمل شروع ہو جائے گا۔

ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ احساس پروگرام غربت میں کمی اور سماجی تحفظ کا سب سے بڑا پروگرام ہے،جسے ریاست مدینہ کے اصولوں کو سامنے رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام غریبوں، طلبہ اور بے گھر افراد کے لیے ہے، اس کے ذریعے پسماندہ علاقوں کو قومی دھارے میں لایا جائے گا، سماجی بہبود کے لیے آئندہ بجٹ میں دگنا اضافہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ 27 مارچ کو احساس پروگرام کا اعلان کیا گیا،یہ پروگرام 4 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، سماجی بہبود کے لیے آئندہ بجٹ میں دگنا اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسیاں لائی جارہی ہیں جس کے تحت چھوٹے سطح ہر ٹھیکے دئیے جارہے ہیں، جس سے غریب اپنا گزارا کر سکے گا،غریبوں کی مدد کے لیے سروے کیا جا رہا ہے اور سروے سے ملنے والے ڈیٹا کو کراس چیک کرایاجائے گا۔

ثانیہ نشتر نے بی آئی ایس پی کے جعلی میسجز کے حوالےسے بات کرتے ہوے میڈیا کو بتایا کہ ان کے خلاف کریک ڈاون کیا ہے اور جلد ان کے خلاف ایکشن بھی ہو گا اور اس کا دائرہ کار تمام شعبوں کے غریب افراد کے لئے ہے۔

تازہ ترین