• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام حکمراں جماعتیں چارٹر آف کراچی بنائیں،رضا ہارون

پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضاہارون نے قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور مقامی حکومتوں میں شامل کراچی کی تمام نمائندہ جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی کے عوام کو لالی پاپ دینا بند کریں اور اس شہر کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کی تفصیل اور ٹائم ٹیبل سے عوام کو آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کی بدنصیبی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں فقط سیاسی بیانات دے کر گزارا کر رہی ہیں اور عوام کو حقائق سے دور رکھ کر جذباتی نعروں اور نمائشی احتجاج کے نام پر دھوکہ دیا جا رہا ہے۔

کراچی ملک کو ستر فیصد سے زائد ریونیو جمع کر کے دیتا ہے لیکن اس شہر کو ترقیاتی کاموں میں مسلسل حکومتوں نے نظر انداز کیا ہے۔  کراچی سے منتخب کرائی جانے والی جماعت تحریک انصاف انتخابات کے بعد سے کہیں دکھائی نہیں دے رہی، ایم کیو ایم وفاق میں حکومت کی اتحادی جماعت ہے لیکن اس کی ترجیحات میں شہر کے معاملات کو حل کرانے کا کوئی فارمولا نہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی جس کے پاس صوبائی حکومت ہے وہ کراچی دشمنی میں اس شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کرتی جا رہی ہے۔ فاٹا میں ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ کراچی کیلئے بھی آنے والے بجٹ کم از کم 200 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا جائے۔

رضا ہارون نے وزیراعظم، گورنر سندھ، وزیراعلی اور میئر کراچی سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے مسائل کے اوپر فی الفور قومی سطح پر کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو دعوت دے کر کانفرنس اور سیمینار کا انعقاد کر یں اور ’’چارٹر آف کراچی‘‘ پر اتفاق کیا جائے۔

کراچی کے ترقیاتی کاموں کیلئے بنائی گئی کراچی انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی KIDCL کا قیام صوبائی اور مقامی حکومتوں کے معاملات میں براہ راست مداخلت ہے۔

لہٰذا کراچی پیکج کا تمام تر بجٹ وفاق سے صوبہ اور صوبہ سے کراچی کی مقامی حکومت کو منتقل کئے جانے پر اتفاق رائے قائم کر کے KIDCL کو میئر کراچی کی نگرانی میں صوبائی اسمبلی کے ممبران اور سول سوسائٹی کے نامزد ماہرین پر مشتمل بورڈکے ماتحت کیا جائے تاکہ ان کی نگرانی میں ترقیاتی اسکیمیں اور ٹرانسپورٹ کے پراجیکٹ بروقت مکمل کئے جا سکیں۔

تازہ ترین