سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کراچی کے علاقےکورنگی میں 530 ایکڑ سرکاری اراضی ہتھیانے سے متعلق کیس میں دو ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں ملزمان کو سپریم کورٹ رجسٹری کے باہرسے گرفتار کر لیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ملزم اسلم اور امجد کی گرفتاری سے قبل درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،جس کے دوران سپریم کورٹ نے ضمانت کی دونوں درخواستیں مسترد کر دیں ۔
ملزمان نے درخواستیں مسترد ہونے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم نیب کے وکیل نے گاڑی کوروک لیا، اور دونوں ملزمان گرفتار کر لیا۔
نیب کے مطابق ملزمان کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، مذکورہ زمین ہتھیانے کے ریفرنس میں 11 ملزمان نامزد ہیں، جبکہ 3 ملزمان پہلے ہی گرفتار ہیں۔
نیب کا مزید کہنا ہے کہ کورنگی میں زمین سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کے دور میں الاٹ کی گئی تھی، دونوں ملزمان نے سرکاری اراضی فروخت کر کے فائدہ اٹھایا ہے۔