یورپین دارالحکومت برسلز میں پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی ہے ، ریلی کا اہتمام پشتون آرگنائیزیشن بیلجئیم نے کیا جس میں اسے ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کا تعاون بھی حاصل تھا ۔
ریلی کے شرکاء برسلز کے اہم سیاحتی مرکز اٹومیم میں اکٹھے ہوئے تھے جہاں انہوں نے انتہائی منظم انداز میں اپنا پیغام پہنچایا، شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان کے جھنڈے اور مختلف بینر اٹھا رکھے تھے اور وہ مسلسل پاکستان زندہ باد ، افواج پاکستان زندہ باد اور پاکستان کے دشمن مردہ باد کے نعرے لگا رہے تھے ۔
ریلی کے منتظمین عرب گل اور نوید خان کے مطابق اس ریلی کا مقصد پی ٹی ایم اور اس کی حواری گروپوں کے اس مذموم پروپیگنڈے کا خاتمہ تھا جس کے ذریعے وہ یہ تائثر دینے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں کہ خیبر پختونخواہ کے علاقے میں ضم ہونے والے حصوں کے پشتون اس کے خلاف ہیں جبکہ وہ ان علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے والی پاکستانی فوج کو بھی پسند نہیں کرتے ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ افغان جنگ کے تناظر میں یہ علاقے دہشت گردی کا اس لئے مرکز بن گئے تھے کیونکہ پاکستان نے دہشت گردوں کے مقابلے میں امن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ۔
دوسری جانب القاعدہ کے خلاف افغانستان میں لڑ نے والی تمام قوتیں بھی ان کا ساتھ دینے کے باوجود پاکستان ہی کو مورد الزام ٹہراتی تھیں کہ اس کے آزاد علاقے دہشت گردوں کا مرکز ہیں ۔
اس ساری صورتحال کے جواب میں پاکستان نے ان علاقوں میں وہاں کے لوگوں کے تعاون سے ایک طویل آپریشن کا آغاز کیا جس کی قیمت پاکستان نے 70 ہزار جانوں اور بڑے مالیاتی نقصان کی صورت میں ادا کی اور ان علاقوں کو دہشت گردوں سے خالی کروا کر اسے دوبارہ وہاں کے صدیوں سے رہنے والوں کے لئے امن سے رہنے کے قابل بنایا ۔
ریلی کے منتظمین نے مزید کہا کہ اب جبکہ امن کے حقیقی فوائد اٹھانے کا وقت آیا ہے تو پی ٹی ایم کے لوگ دشمن قوتوں کے ایما پر اس علاقے کا امن خراب کرنے اور امن بحال کرنے والی پاکستانی مسلح افواج کے خلاف پروپیگنڈے سمیت دیگر مذموم سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے ہیں جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور آج کی ریلی بھی انہی جذبات کا اظہار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہر باشعور پختون اس حوالے سے متحد ہے اور وہ ہر طرح کے غلط پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے حقیقی امن اور ترقی کیلئے اپنی حکومت کے شانہ بشانہ ہے ۔