• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی مظلوم عوا م کو پہلے حکمران70 سال سے دونوں ہاتھوں سے لوٹتے رہے اور باری باری اقتدار میں آتے جاتے رہے۔ آج جب ان کا احتساب کرنے کیلئے ان پر ہاتھ ڈالا تو یہ مظلومیت اور انتقام کا نعرہ لگا کر عید کے بعد اکٹھے ہوکر پی ٹی آئی کے خلاف مشترکہ محاذبنا کر حضرت مولانا فضل الر حمان کی امامت میں کھلے میدان میں اتر یں گے وہ کامیاب ہوتے ہیں یا ناکام دونوں ہی صورتوں میں قوم مہنگائی لا قا نو نیت دہشت گردی میں گھری رہے گی۔ ایسے میں راقم موقع سے فائدہ اٹھاکر آج کا کالم قوم کو صحت کے بارے میں ایک امریکن ہارٹ سرجن ڈاکٹر گوندرے (Dr.Gundry) کے عجیب و غریب انکشافات سے آگاہ کر رہا ہے، جو انہوں نے3گھنٹے کے لیکچر میں امریکی عوام کو آگاہ کیا۔ مختصر بتاتا چلوں ڈاکٹر صاحب نے10 ہزار سے زیادہ آپرپشن مختلف نوعیت کے کئے اور امریکن میڈیکل سائنس میں بڑا نام پیدا کیا۔ 400سے زیادہ مقالے لکھے وہ بتاتے ہیں کہ ہارٹ یعنی دل کے سر جن ہوتے ہوئے ان کا وزن، 50سا ل کی عمرتک پہنچتے پہنچتے 70پونڈزیادہ ہوچکا تھا۔ باوجود صبح 5بجے اٹھ کر 10میل دوڑنےکے، مختلف ورزشیں بھی کرتے تھے۔ ساتھ ساتھ وہ صحت مند غذائیں بھی کھاتے تھے مگر تمام کوششوں کے باوجود وزن بڑھتا رہا تو انہوں نے اپنے ادارے میں ریسرچ کرنا شروع کردی اور دیگر تحقیقا تی اداروں سے بھی مدد لی تو ان پر حیرتوں کے پہاڑ ٹوٹ پڑے وہ غذا جس کو سب صحت مند غذاسمجھتے تھے وہ سب نقصان دہ تھیں۔ جس سے لامحالہ وزن بڑھتا تھا جس میں پہلا نمبر وہ ٹماٹر کا بتاتے ہیں جس میں ایک مرکب Lectinsہے جو انسانو ں کے لئے مضر ہے۔ یہ ٹماٹر کے چھلکے اور بیجوں میں پایا جاتا ہے جو ٹماٹو کیچپ اور ٹماٹو جوس میں ہوتا ہے اور سب شوق سے کھاتے ہیں۔ اگر ٹماٹر کھانا ہے تو اس کا چھلکا اتار کر بیج نکال کر صرف گوداکھانے سے وزن بڑھنے کے بجائے نہ صرف وزن گھٹتاہے بلکہ چستی اور طاقت میں اضافہ ہوتا ہے۔ دوسری غذا (Beans)پھلیاں ہیں ان میں بھی یہ خطرناک مرکب پایا جاتا ہے اور جب ہم ان کو ابالتے ہیں تو یہ پھلیاں پوری طرح نہیںگلتی تو کچا حصہ کھانے سے فوڈ پائزن، ڈائریایاپیچش کے علاوہ وزن بھی بڑھتا ہے لہٰذا اس کو پوری طرح گلا کر پہلا پانی پھینک دیں، دوسرے پانی سے ابال کر اچھی طرح اطمینان کر لیں درمیانی حصہ کچا تو نہیں رہ گیا پھر استعمال کریں۔ تیسری غذا (Nuts) ہیں ان میں بھی لیکٹن (Lectin)کی بہت بڑی مقدار ہوتی ہے۔ البتہ بادام، اخروٹ، چلغوزہ، میڈونٹس کھا سکتے ہیں، یہ صحت مند بھی ہیں اورزود ہضم بھی۔ چوتھی غذا (Grains) اناج میں صرف سفید آٹا چھوڑ کر برائون آٹا کو وزن کم کرنے کا سبب سمجھتے ہیں جو بالکل غلط ہے۔ بھوسی ملا سفید آٹا سب سے بہتر ہے اس سے وزن کم ہوسکتا ہے کم از کم بڑھتا نہیں ہے لہٰذا وزن کم کرنے کیلئے برائون یا کالی بریڈ سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ پانچویں غذا میں گلوٹین بالکل نہیں ہونی چاہئیں اکثر آپ بغیر پڑھے گلوٹین والی اشیاء خرید کر استعمال کرتے ہیں اس سے مکمل پر ہیز کریں۔ چھٹی اور اہم دریافت انہوں نے ( Antibiotics) بتائی۔ وہ کہتے ہیں کہ انسان کے جسم میں اچھے اور بڑے جرثوے میں قدرت نے پیدا کئے یعنی اچھے اور برے دنوں جراثیم ضروری ہیں۔ اچھے جراثیم اچھی غذا کھانے کی ترغیب دیتے ہیں اور خراب جراثیم خراب غذا کی طرف راغب کرتے ہیں، جیسے پیزا، ڈونٹس، جنک فوڈ وغیر وغیرہ۔ لیکن جب ہم اینٹی بایوٹک استعمال کرتے ہیں تو اس کی پہلی وجہ اچھے جراثیم کمزور ہوجاتے ہیں اور خراب جراثیم حاوی ہوجاتے ہیں۔ اینٹی بایوٹک بلاشبہ خراب جرا ثیم کو ختم کر دیتی ہے مگر ساتھ ساتھ اچھے جراثیم بھی کثرت سے مر جاتے ہیں تو جسم میں مدافعت ختم ہوجاتی ہے۔ لہٰذا بخا رکو فوری طور پر اینٹی بایوٹک کے حوالے کرنے کے بجائے اچھی غذائوں سے مقابلہ کرنا چاہئے یہ ختم ہوجانے والے اچھے جراثیم اگلے 2سال تک پیدا نہیں ہوتے۔ ساتویں خطرناک غذا چینی ہے جس میں کثرت سے غیر ضروری بھوک لگانے کی صفت ہے البتہ برائون چینی جو گڑ سے حاصل ہوتی ہے وہ بھی ضرورت کے مطابق استعمال کریں۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہم کیا کھائیں؟ گوشت کے معاملے میں بھیڑ، بکری کا گوشت بہت اعتدال سے کھانا چا ہئے۔ البتہ مرغی کا سینہ، سمندری اور دریائی مچھلیاں کثرت سے کھانے سے نہ صرف وزن کم ہوتا ہے اس میں زیروسائیڈ افیکٹس ہوتے ہیں۔ سب سے اچھا تیل اولیو آئل ورجن ہے جس کو آپ کھانا پکانے کے علاوہ سبزیوں اور سلاد پر ڈال کر کھا سکتے ہیں۔ کثرت سے سبزیاں خوب دھو کر اور ابال کر کھانے سے بھی وزن کم ہوجاتا ہے، آپ قدرتی پھل کا جوس نہیں صرف پھل کھائیں اور ہر موسم کے پیداواری پھل استعمال کریں غیر موسمی پھل اور سبزیاں درآمد کر کے کھانے سے بھی وزن بڑھتا ہے۔ چائے پینے کے بجا ئے دن میں 2یا 3مرتبہ کافی بھی وزن کم کرتی ہے مگر اس میں شکر یا دودھ ملا کر پینے سے وزن بڑھے گا اور کافی کی افادیت الٹ جائے گی۔ البتہ سبز چائے بغیر چینی اور دودھ استعمال کریں اس میں لیموں اور شہد ملانے سے فائدہ مند رہے گی۔ خصوصاً نہار منہ باقاعدگی سے استعمال کریں، پانی زیادہ سے زیادہ پئیں اور ڈبے والی غذائیں پھل، سبزیاں، چنے، الغرض کوئی بھی اشیاء ہو استعمال سے گریز کریں۔

تازہ ترین