• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسدعمراور میری نگرانی کے باوجودشوگر مافیا سبسڈی لے گئی،شیخ رشید

کراچی(جنگ نیوز)وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس تحریکوں کی کامیابی کی ریسیپی کے اجزاء نہیں ہیں،شوگر مافیا کیخلاف کوئی بات نہیں ہوسکتی شوگر مافیا کو سبسڈی دی گئی جس کا ہمیں پتا نہیں تھا، میں اسد عمر کے ساتھ کھڑا تھا کہ شوگر پر کو کوئی سبسڈی نہیں دینی ہے، اب پتا چلا کہ چور کے بچے سبسڈی بھی لے گئے ہیں، چور مافیا ز ساری پارٹیوں میں ہیں، ججوں کیخلاف ریفرنس سوچ سمجھ کر ہی داخل کیا گیا ہوگا،سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ حکومت آصف زرداری کو عدالت سے سزا ہونے کے بعد ہی پکڑے گی، اپوزیشن لوگوں کو باہر نکالنے کی پوزیشن میں نہیں ہے،مہنگائی سے چولہے ٹھنڈے ہوں گے تب ہی لوگ باہر نکلیں گے،حکومت کو وکلاء سے ڈر ہے لیکن وہاں بھی آئندہ تقسیم سامنے آئے گی،وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی نے کہا کہ شمالی وزیرستان کا ایک علاقہ سردیوں کی وجہ سے کلیئر نہیں ہوسکا تھا اب وہاں آپریشن ہورہا ہے،شمالی وزیرستان میں پچھلے چند دنوں میں دس فوجی جوان شہید ہوئے، اس صورتحال میں فاٹا کے اندر انتخابات کی طرف گئے تو افغانستان سرحد سے دہشتگردی کا خدشہ ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے انہی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر انتخابات کیلئے 20 دنوں کی توسیع مانگی ہے، پی ٹی آئی نے قبائلی علاقوں میں انتخابی مہم چلائی لیکن ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیرریلوے شیخ رشید نے مزیدکہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ شہباز شریف بھاگ گیا ہے، میں نے شہباز شریف کو این آر و مانگتے دیکھا ہے، یہ الزام میں نے کسی اور پر نہیں لگایا ہے، شہباز شریف کی واپسی کوئی ٹارزن کی واپسی نہیں ہے، مجھے پتا ہے شہباز شریف لندن سے کن لوگوں سے رابطہ میں تھا، ڈالر کی قدر بڑھنے کا فائدہ امیر کو ہوا سزا غریب کو ملی ہے، آئندہ نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست نہیں دیکھ رہا ہوں، یہ لوگ جو ناٹک رچانے جارہے ہیں اس میں خود پھنسیں گے، پاکستان میں معاشی بحران انہی چوروں نتھو سنگھ اور پتھو سنگھ نے پیدا کیا ہے، یہ لٹیرے، ڈاکو، بے ایمان کرپٹ لوگ کس منہ سے سیاست کرنے جارہے ہیں،24اگست کو وزارت ریلوے سے متعلق احتساب کیلئے خود کو پیش کروں گا، اس وقت تک ریلوے کا بڑا خسارہ ختم کردوں گا، ریلوے کا خسارہ ختم کرنے کیلئے پانچ سے دس سال چاہئیں، میری زندگی کے دو مشن ایم ایل ون اور نالہ لئی تھے اس کے بعد سیاست کو سلام کہہ دوں گامعاشی بحران جتنا خطرناک ہوگا اس کے سیاسی نتائج بھی اتنے ہی خطرناک ہوں گے،مولوی صاحبان قابل احترام اندر سے بہت سیانے ہوتے ہیں، دیکھنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن انہیں استعمال کرتا ہے یا یہ فضل الرحمن کو استعمال کرتے ہیں شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف جبکہ نواز شریف آزادانہ طور پر کھیل رہا ہے، پاناما کیس عمران خان کا نہیں شیخ رشید کا کیس تھا،آرٹیکل 62/63کے تحت عدالت میں گیا تھا، عمران خان نے آرٹیکل 62/63کے اطلاق کی ڈیمانڈ نہیں کی تھی۔وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ میڈیا کا کلائنٹ غریب آدمی ہے جو شیخ رشید کو دیکھنا چاہتا ہے، اپٹما میں سب نے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں رعایت لی مگر غریب کیلئے رعایت نہیں ہے،ہم نے ان چوروں کو سبسڈی کے جو پیسے دیئے اگر غریبوں کو دیتے تو اس کے چہرے پر خوشی ہوتی، یہ چور، ڈاکو ، لٹیرے ساری پارٹیوں کو فنڈ دیتے ہیں۔۔ سہیل وڑائچ نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں جون کا یہ پورا مہینہ اہم ہے، حکومت آصف زرداری کا معاملہ بھی نواز شریف کی طرح ڈیل کرنا چاہتی ہے، حکومت کے پاس دو تین مہینے ہیں کہ معاملات کو بوائلنگ پوائنٹ پر نہ پہنچے دے، اپوزیشن کی کوشش ہوگی کہ وہ جلسے جلوس کر کے عوام میں تحرک پیدا کرے، تحریک کیلئے درکار پس منظر بن رہا ہے مگر ابھی حتمی مرحلہ تک نہیں پہنچا ہے۔
تازہ ترین