• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اورنگی ٹائون میں ٹارگٹ کلنگ میں 2 پولیس اہلکار شہید، موٹرسائیکل سوار حملہ آور باآسانی فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم ٹارگٹ کلرزکی فائرنگ سے سندھ ریزروپولیس کے 2پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے، جن کا تعلق اندرون سندھ سے تھا،آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف نےواقعہ کا نوٹس لیتے ہوئےفوری رپورٹ طلب کرلی۔ اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر118/19زیر دفعہ 302/34.7ataکے تحت سرکار کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قاتلوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے۔ہم شہید پولیس اہلکاروں کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح اورنگی ٹائون نمبر4 نوری چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ڈیوٹی پر اورنگی ٹاؤن تھانہ آنے والے 2اہلکاروں کانسٹیبل اللہ دتہ اور کانسٹیبل احمد علیپر موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکارشدید زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور باآسانی فرار ہوگئے،اطلاع ملنے پر امدادی رضاکار اور پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی،لاشوں کوعباسی اسپتال منتقل کیا جہاں دونوں اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ گئے ،پولیس کے مطابق اہلکاروں کو تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر نشانہ بنایا گیا،2موٹر سائیکلوں پر سوار 4ملزمان نے مقتول اہلکاروں پر نائن ایم ایم سے فائرنگ کی، پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 4 خول تحویل میں لے لئے، دونوں اہلکاروں کو 2، 2 گولیاں سر اور چہرے پر ماری گئیں۔

تازہ ترین