• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے علاقے ملیر کالا بورڈ کے قریب ٹرین کی ٹکر سے خاتون اور اس کا کمسن بچہ جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی،لواحقین پولیس کی کارروائی کے بغیر ہی میتیں گھر لے گئے۔


ریلوے حکام کے مطابق حادثہ ملیر کالا بورڈ کے قریب کراچی پہنچنے والی علامہ اقبال ایکسپریس سے پیش آیا۔ ملیر کالا بورڈ کے اس مقام پر لوگ بڑی تعداد میں پیدل ریلوے ٹریک عبور کرتے ہیں۔

مقامی لوگوں کے مطابق خاتون اپنے ایک سالہ بچے اور کم سن بچی کے ساتھ ریلوے لائن عبور کر رہی تھی کہ اسے مبینہ طور پر ٹرین کے آنے کا پتہ ہی نہیں چل سکا۔ خاتون اور اس کا ایک سال کا بچہ ٹرین کی زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ کمسن بچی زخمی ہوئی جسے قریب کے اسپتال میں طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا۔

اس حادثے کی بنا پر ٹرین کچھ دیر کے لیے موقع پر روکی گئی۔ ریلوے اہلکاروں نے کاروائی کے بعد معاملہ ریلوے پولیس کے حوالے کرکے ٹرین منزل کی طرف روانہ کردی.

پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی 36 سالہ خاتون کے خاندان کے افراد اور اہل محلہ بھی موقع پر پہنچ گئے جو دونوں میتیں پوسٹمارٹم کیلئے اسپتال بھیجنے کی بجائے گھر لے گئے۔

ریلوے پولیس کے مطابق اس معاملے کی تحقیق کی جا رہی ہے کہ یہ ہلاکتیں حادثہ ہیں یا مبینہ طور پر خاتون نے بچوں کے ساتھ خودکشی کی ہے۔

تازہ ترین