• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد مرسی کی راتوں رات تدفین، حکومتی کریک ڈائون، پاکستان سمیت کئی ممالک میںنماز جنازہ

قاہرہ (جنگ نیوز)مصر کے سابق صدر مرسی کی راتوں رات خاموشی سے تدفین کردی گئی ،سابق صدر محمد مرسی کو اہلخانہ اور اخوان المسلمون کے سینئر رہنماؤں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق محمد مرسی کے بیٹے احمد مرسی نے فیس بک پر لکھا کہ ہم نے ان کو طورہ جیل کے ہسپتال میں غسل دیا اور جیل میں ہی نماز جنازہ ادا کی۔انہوں نے بتایا کہ قاہرہ کے شہر نصرا میں تدفین کے امور نمٹائے تاہم متعلقہ حکام نے محمد مرسی کے آبائی صوبے شرقیہ میں تدفین سے منع کردیا تھا۔اخوان المسلمون نے اپنے رہنما کی وفات کو قتل قرار دیتے ہوئے کارکنوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بڑی تعداد میں محمد مرسی کی تدفین پر پہنچیں، اخوان کی ویب سائٹ پر آخری پیغام میں کارکنوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ مصر میں تمام غیر ملکی سفارتخانوں کے باہر مظاہروں کیلئے جمع ہوجائیں۔ہیومن رائٹس واچ گروپ نے محمد مرسی کی وفات کو ’خوفناک‘ قرار دیا۔ گروپ کا کہنا تھا کہ مصری حکومت سابق صدر کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے محمد مرسی کے کمرہ عدالت میں انتقال اور پنجرے میں گزرے ان کے آخری لمحات سے متعلق تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب مصری انتظامیہ نے بتایا ہے کہ معزول صدر کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کے جسم پر کسی بھی قسم کے زخم نہیں تھے۔67سالہ سابق مصری صدر کو شوگر، دل اور جگر سے متعلق بیماریاں لاحق تھیں اور وہ اس سے قبل بھی کئی بار عدالت میں دوران سماعت بے ہوش ہوگئے تھے۔ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے سب سے پہلے محمد مرسی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شہید قرار دیا۔ترک صدر رجب طیب اردگان نے مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے غائب نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور انہیں شہید قرار دیتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔منگل کوترک میڈیا رپورٹس کے مطابق استنبول کی تاریخی مسجد فتیح میں محمد مرسی کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں ترک صدر سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مصر کے سابق صدر کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ترک صدر نے مرسی کی موت کو ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے اس کا قصور وار مصر کی فوج اور حکومت کو ٹھہرایا۔اردوان کا خطاب میں کہنا تھا کہ مصری حکومت مرسی کی موت کی ذمہ دار ہے ان کا کہنا تھا کہ تاریخ محمد مرسی کی موت کو کبھی نہیں بھولے گی۔

تازہ ترین