• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو تمام مسائل پارلیمنٹ میں حل کرنا چاہتے ہیں، پی پی رہنما

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) احتجاجی سیاست میں پاکستان پیپلزپارٹی کا کوئی ثانی نہیں، سٹریٹ پاور آج بھی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پی پی کے پاس محفوظ ہے پاکستان کے اندر نیب گردی سے اپوزیشن قیادت کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے والے ایشوز کو بھی بلاول بھٹو پارلیمنٹ میں حل کرنا چاہتے ہیں لیکن اگر بلاول بھٹو زرداری احتجاج کی کال دیں گے تو پاکستان، برطانیہ، آزاد کشمیر ہر جگہ پر دم مست قلندر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر حکومت آزاد کشمیر، نائب صدر پی پی آزاد کشمیر و ممبرپیپلزپارٹی اوورسیز ایڈہاک کمیٹی چوہدری افسر شاہد نے صدر پی پی برمنگھم قیوم راجہ کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی مڈلینڈ کے صدر چوہدری شاہنواز، سینئر نائب صدر مرزا اختر محمود، کوآرڈینیٹر پی پی مڈلینڈ محمد ایوب سرکھوی، نائب صدرپی پی ابرار حسین، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پی پی مڈلینڈ راجہ خالد محمود، پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما وقاص الحق گجر، سابق ایڈمنسٹریٹر ضلع کوٹلی چوہدری الیاس، ملک طاہر، ملک ظہیر، نائب صدر چوہدری اسمٰعیل، پیپلزیوتھ کے چوہدری ابوبکر اسمٰعیل سمیت دیگر نے شرکت کی۔ چوہدری افسر شاہد نے کہا کہ پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت کی ترجیحات سامنے نہ آسکیں۔ عام طور پر بجٹ اجلاسوں میں اپوزیشن شور شرابہ کرتی ہے یہ پہلی مرتبہ دیکھ رہے ہیں کہ حکومتی ممبران بھی سراپا احتجاج ہیں۔ نیب گردی کے شکار ممبران اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں تاکہ وہ اسمبلی فلور پر اپنا موقف بیان کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہماری حکومت نے مقررہ بجٹ میں رہتے ہوئے تین میڈیکل کالجز اور پہلی بار خواتین یونیورسٹی اور پانچ مکمل یونیورسٹیز قائم کرکے علم دوستی کا ثبوت دیا اس سے ثابت ہوتا ہے اگر کام کرنے کا ارادہ کرلیا جائے تو وہ ہوکر رہتا ہے۔ میزبان قیوم راجہ نے کہا کہ وہ دو ماہ کیلئے پاکستان جارہے ہیں جہاں پارٹی کال پر مختلف احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوکر برطانیہ کی نمائندگی کریں گے۔ صدر پی پی مڈلینڈ چوہدری شاہنواز نے کہا کہ اب تک سابق صدر و شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنا سیاسی انتقام اور ان کے بنیادی سیاسی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ بلاول بھٹو اسمبلی فلور پر جمہوری نظام کے اندر رہتے ہوئے احتجاج کررہے ہیں جو بہترین پارلیمنٹرین اور جمہوریت کا حسن ہے جب بھی احتجاجی کال آئے گی ہر طرف دم مست قلندر ہوگا۔ سابق ایڈمنسٹریٹر ضلع کوٹلی چوہدری الیاس نے کہا کہ ایک مخصوص ایجنڈے پر عمل پیرا PTIحکومت مفاہمت کے بجائے احتجاج کو ہوا دے رہی ہے۔ اگر حالات ایسے ہی چلتے رہے تو بجٹ کی منظوری بھی مشکل ہوگی اور تیسری قوت کو موقع ملے گا۔سینئر نائب صدر پی پی مرزا اختر محمود، راجہ خالد، ایوب سرکھوی، چوہدری اسمٰعیل، ابرار حسین، ملک ظاہر، ملک ظہیر اور دیگر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی چٹان کی طرح مضبوط ہے۔ ہم اپنے قائد کی کال کے منتظر ہیں جب بھی کال آئیگی احتجاج کو کامیاب کرنے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔
تازہ ترین