• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد کے قریب کراچی سے جانے والی دو ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، اندرون ملک کیلئے ٹرینوں کی آمدورفت بھی معطل ہوگئی ہے۔


ریلوے پولیس کے مطابق کراچی سے روانہ ہونے والی ایک مال  گاڑی حیدرآباد کے قریب مکلی ریلوے پھاٹک پر پہنچی تو کراچی سے لاہور جانے والی جناح ایکسپریس 31 اپ ٹرین مبینہ طور پر غلط کانٹا ملنے کی وجہ سے مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ مال گاڑی کی کئی بوگیاں پٹریوں سے اترکر آس پاس کے مکانات سے ٹکرا گئیں۔ علاقے کے سینکڑوں افراد نے ابتدائی طور پر امدادی کاموں میں حصہ لیا جبکہ ریسکیو ورکرز اور ریلوے کے اہلکار بھی امدادی کام میں حصہ لینے کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔

بعدازاں پاکستان رینجرز، حیدر آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ بھی موقع پر پہنچ گئی جو امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ایس ایچ او ریلوے حیدرآباد علی محمد ڈاہری نے "جنگ" کو بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

جن میں ریل گاڑی کے ڈرائیور بھی شامل ہیں جب کہ مرنے والا تیسرا شخص اسی ٹرین کا فائر مین بتایا جاتا ہے۔متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس افسر علی محمد ڈاہری کے مطابق مرنے والے فائر مین کی لاش ٹرین کا انجن کاٹ کر نکالی جا رہی ہے۔اس خوفناک حادثے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔

کراچی سے اندرون ملک جانے اور اندرون ملک سے کراچی آنے والی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں

تازہ ترین