• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری ملازمین نے بھی صوبائی بجٹ کو عوام دشمن قرار دیدیا

پشاور (نمائندہ خصوصی) اپوزیشن جماعتوں‘ فلاحی تنظیموں اور عوامی نمائندوں کے بعد سرکاری ملازمین کی طرف سے بھی خیبر پختونخوا حکومت کے صوبائی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں پیرا وٹرنری سٹاف ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی طرف سے بھی صوبائی بجٹ کو مسترد کر دیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر فرمان اللہ اور جنرل سیکرٹری غلام رسول نے ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین پہلے ہی سے معاشی مشکلات سے دوچار تھے جبکہ غریب ملازمین پر ٹیکس لگانے اور مہنگائی کے آنے والے خوفناک سونامی سے سرکاری ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ حکومت کی طرف سے سرکاری ملازمین کی پریشانیاں کم کرنے کی بجائے پریشانیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جو سراسر ظلم و ناانصافی ہے۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین پر ٹیکس لگانے کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سرکاری ملازمین پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو اس کے خلاف صوبے بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
تازہ ترین