ڈیلس میں پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن کے ستاروں کی ٹیم تحسین جاوید الیون اور ڈیلس کرکٹ ٹیم اے زی الیون کے درمیان گزشتہ دنوں پلانو میں واقع رسل پارک کرکٹ اسٹیڈیم میں عید فیسٹیول کرکٹ ٹورنامنٹ کازبردست مقابلہ ہوا، پاکستانی ستاروں کی ٹیم تحسین جاوید الیون نے فیلڈنگ اور بیٹنگ میں ڈیلس کی ٹیم کو زبردست شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کر لی۔پاکستان سے فلمی اور ٹیلی ویژن کے ستاروں کی اس کہکشاں کو سجانے میں سنگ لو انٹرٹینمنٹ نے اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے اس عید فیسٹیول کی میزبانی کی ۔پاکستان سے آنے والی فلمی ستاروں کی ٹیم کی اس کہکشاںمیں جن اداکار کھلاڑیوں حصہ لیا، اس کی ٹیم کے کپتان معروف گلوکار تحسین جاوید تھے جبکہ دیگر اداکارکھلاڑیوں میں ہمایوں سعید،سید سعود قاسمی،نعمان حبیب، عباس جعفری، سلمان سعید، مختیار احمد اور نواب عالم شامل تھے، جبکہ ڈیلس کے اے زی الیون میں ندیم(ہاکس بے الیون) محسن علی، آصف خان، ساجد صدیقی، عارف ہاشمی،عدنان احمد، انعام شیروانی، علی شامل تھے۔
ٹاس کے بعد بیٹنگ اے زی الیون نے کی اور20اوورز کے اس میچ میں ان کی ٹیم131رنرز پر آئوٹ ہو گئی، جس میں دو کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے۔ اے زی الیون کی جانب سے کرکٹ کھیلنے کا اچھا مظاہرہ شاہد عالم نے کیا، جنہوں نے50رن بنائے جبکہ اظہر قاسمی نے اچھی بالنگ کا مظاہرہ کیا۔
پاکستانی اداکاروں کی ٹیم تحسین جاوید الیون نے سات وکٹوں کے نقصان پر230 رن بنائے جبکہ پاکستان سے آئے ہوئےاداکار عباس جعفری نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، انہوں نے91رن بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ اداکار سعود اور مختیار نے4مخالف کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جس کی وجہ سے سعود اور مختیار بیسٹ بالر قرار پائے، اداکاروں کی ٹیم نے کھیل کے ابتداء میں اچھا اسٹارٹ لیا، ہمایوں سعید اور فہد مصطفی کی جوڑی نے مل کر40رن بنائے، لیکن اظہر قاسمی نے ہمایوں سعید کی وکٹ اڑا دی لیکن دیگر اداکاروں نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کر کے اس کھیل کو اپنے نام کر لیا۔ کرکٹ کی کمنٹری پاکستان کے اداکار اور گلوکار محمود قاسمی(مودی) نے انتہائی اچھے اور مزاحیہ انداز میں کی، جس سے میدان میں موجود شائقین بھر پور طریقہ مسلسل لطف اندوز ہوتے رہے۔
دوسری جانب فلمی اور ٹیلی ویژن کے ستاروں کی ٹیم میں شامل ہمایوں سعید نے جنگ /جیو سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا نٹرٹیننگ ٹور ہے، کیونکہ ہم سب کو کرکٹ کھیلنے کا شوق ہے اور پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اداکاروںکی ٹیم ملک سے باہر کھیلنے آئی ہے، تو یہ ایک الگ پلس پوائنٹ ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیکساس کا موسم اچھا ہے ، صحیح دھوپ ہے اور جو کہ کرکٹ کے کھیل کیلئے بہت اچھی ہے اور پاکستان جیسا ہی موسم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوںجنہوں نے ہمیںیہاں بلایا جس میں اے زی انٹرٹینمنٹ، سن گلو انٹرٹینمنٹ کا اہم کردار ہے، جنہوں نے ہم سب کو ایک ساتھ بلا کر یہ موقع فراہم کیا اوریہ لوگ ہمارا بہت خیال رکھ رہے ہیں۔
ایک اور معروف اداکار سید جبران نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی طرف سے اداکاروں کی کرکٹ ٹیم یہاں آ کر پاکستان کی نمائندگی کرررہی ہے جو کہ بہت اچھا تجربہ رہا ،آرگنائزر کا کردار اس میں بہت اچھارہا،انہوں نے بہت اچھا کام کیا، فل مارکس تحسین جاوید کو جاتے ہیںاورعوام کا جو رد عمل ہے وہ انتہائی خوش آئند اور زبردست ہے،
اس لئے میں بھر پور طریقے سے یہاں پر انجوائے کررہا ہوں۔ اداکار اور کراچی سے سندھ اسمبلی کے رکن عباس جعفری کا کہنا تھا کہ آج میں نے91اسکور کیا ہے اور یہاں پر زبردست پاکستانیوں کا رسپانس ہے کہ وہ اتنی بڑی تعداد میں یہاں آئے ہیں اور ہم اسی سوچ اور نیت کے ساتھ آئے تھے کہ ہم اپنی کمیونٹی کے لوگوںکے ساتھ ملیں گے جبکہ میں یہ پیغام لے کر آیا ہوں کہ پاکستان ایک مشکل دور سے گزررہا ہے اور اوورسیز پاکستانیو ںکی ملک کو ضرورت ہے ، آپ لوگ زیادہ سے زیادہ پاکستان آئیں وہاں وزٹ کریں اور انویسٹمنٹ لے کر آئیں تا کہ ہم اس مشکل دور سے نکل سکیں، انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کو میرا یہ پیغام ہے کہ وہ متحد رہیں اور امید رکھیں ،پاکستان میں اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور مشکل وقت سے ضرور گزررہی ہے لیکن اچھا برا وقت گزرجاتا ہے اور مثبت امید کے ساتھ یہاں ہم آئے ہیں جس میںآرگنائزروں کی بڑی کاوششیں ہیں، انشاء اللہ ہم دوبارہ آئیں گے تو مزید طاقت اور پاور کے ساتھ آئیں گے۔
اداکارہ عاصم محمود کا کہنا تھا کہ میں ڈیلس کے عوام خصوصاً پاکستانیوں کا شکر گزار ہوں کہ وہ یہاں آئے ہمیں سپورٹ کرنے کیلئے بہت مزا آرہا ہے۔عید فیسٹیول کرکٹ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر اور اے زی انٹرٹینمنٹ کے اظہر قاسمی کا کہنا تھا کہ 14اداکار آج تک ایک ساتھ کبھی بھی امریکا نہیں آئے اور ان کا ایک ساتھ آنا بہت اچھا لگ رہا ہے جبکہ ڈیلس کے عوام بے حد انجوائے کررہے ہیں، ہم خود میچز کھیل رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ہر سال اس طرح کے پروگرام منعقد کریں جس میں پاکستان کے اسٹارز جن کو عوام فلم اور ٹی وی پر دیکھتے ہیں انہیں ہم امریکا لے کر آئیں اور عوام کو دکھائیں کہ یہ کرکٹ بھی بہت اچھی کھیلتے ہیں، اس طرح تحسین اور میں نے ٹیم بنا کر اس خواب کو شرمندہ تعبیر کیاہے،جبکہ ہم ہیوسٹن اور شکاگو میں بھی اس طرح کے میچز کریں گے۔
یہ میچز بہت اچھے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے آگے بھی شوز آ رہے ہیں جبکہ ہم پاکستانی فنکاروں کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں اور عوام کی جانب سے پذیرائی ہی ہمارے لئے بڑی اسپانسر شپ ہے، جس طرح ہماری پڑوسی ملک کے اسٹارز ہیں، اس طرح ہمارے بھی اسٹارز اہمیت کے حامل ہیں، جن کی حوصلہ افزائی کرنا ہم پر فرض ہے اور ہمیں اسی جذبہ کے ساتھ ان کو بھی وہی مقام دینا ہو گا، جس کے یہ واقعی حقدار بھی ہیں۔