• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کے پی ایس او عدنان صدیقی کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر موجودہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے برطرف کر دیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق عدنان رفیق صدیقی نے بطور پی ایس او کام  کے دوران خود کو سب انسپکٹر ظاہر کیا جبکہ درحقیقت وہ کراچی پولیس میں اے ایس آئی تھا۔ کراچی پولیس چیف مشتاق مہر کے تین سالہ دور میں عدنان صدیقی پر کرپشن کے غیرمعمولی الزامات تھے۔ ان پر کراچی کے تھانوں میں ایس ایچ اوز اور دیگر مختلف عہدوں پر تقرریوں کے لیے مبینہ طور پر بھاری رقم لینے کا الزام تھا تاہم کراچی پولیس آفس کی جانب سے اس امر کی ہمیشہ تردید کی جاتی رہی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق بطور ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے عہدے کا چارج لیا تو عدنان صدیقی کے خلاف کرپشن کے الزامات پر کئی تحقیقات کرائی گئیں، اے ایس پی فیروزآباد کاشف آفتاب کی خفیہ رپورٹ پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے معاملات کی چھان بین کے لیے اچھی شہرت رکھنے والے پولیس افسران پر مشتمل تحقیقاتی بورڈ تشکیل دیا۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ اور ایس پی طارق نواز پر مشتمل انکوائری کمیٹی بورڈ نے بھی عدنان رفیق صدیقی کے خلاف رپورٹ دی۔ الزامات کا جواب لینے کیلئے عدنان صدیقی کو شوکاز نوٹس جاری کیا مگر وہ کمیٹی کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر بھی عدنان صدیقی کو صفائی پیش کرنے کے لیے طلب کیا گیا مگر وہ غیر حاضر رہے۔

عدنان صدیقی 3 سال تک سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کے پی ایس او بنے رہے، مگر حیرت انگیز طور پر اس عہدے پر ان کا تقرر بھی نہیں تھا اور عدنان صدیقی کی تقرری کراچی پولیس کے دوسرے شعبے میں تھی۔

عدنان صدیقی کا طرز زندگی انتہائی پرتعیش تھا، وہ لگژری گاڑیوں میں دفتر آتے اور گھومتے نظر آتے تھے، مہنگے ہوٹلوں میں دعوت اڑانے کے چرچے عام تھے۔ ایک تخمینے کے مطابق ان کے ماہانہ اخراجات لاکھوں میں تھے مگر ٹھاٹ باٹ کی زندگی گزارنے والے اس اے ایس آئی کی سرکاری تنخواہ محض 35 ہزار روپے ماہانہ نکلی۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران عدنان صدیقی کے خلاف امیگریشن کے ریکارڈ نے ان کی کرپشن پر لنکا ڈھانے کے ناقابل تردید شواہد فراہم کیے۔

پولیس ذرائع کے مطابق عدنان صدیقی نے خاندان کے ساتھ بیرون ملک کے لاتعداد دورےکیے۔ ہر تھوڑے عرصے بعد ان کا دبئی آنا جانا معمول تھا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اکثر دوروں کے دوران انہوں نے اپنی فیملی کے ہمراہ بزنس کلاس ہوائی سفر کیا۔ کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے عدنان رفیق صدیقی کی پولیس ملازمت سے برطرفی کے احکامات جاری کر دیئے۔

تازہ ترین