اسلام آباد(نمائندہ جنگ) فیڈرل سروس ٹر یبو نل نے وفاقی سرکاری ملازمین کی اپیلوں کی سماعت کو بہتر بنانے کے لئے ای کورٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیاہے ،جبکہ آئندہ ملازمین کے اپیلوں پر کم سے کم وقت میں فیصلہ جاری کرنے کے لئے ٹربیونل کے ممبران کو ہدایات جاری کردی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار فیڈرل سروس ٹربیونل کے چیئرمین قاضی خالد علی نے فیڈرل سروس ٹربیونل کی فل کورٹ میٹنگ میں کیا۔فل کورٹ میٹنگ میں ٹربیونل کے اسلام آباد ،لاہور اور کراچی بنچز کے ممبران ، ٹربیونل کے رجسٹرار نور محمد اور ایس پی ایس محمد محمود نے شرکت کی ۔میٹنگ میں ٹربیونل کے گزشتہ ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ٹربیونل کے چئیرمین قاضی خالد علی نے ٹربیونل کی کارکردگی پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے ممبران کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ رواں سا ل کے لئے کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ وفاقی سرکاری ملازمین کو کم سے کم وقت میں انصاف فراہم کیاجاسکے ۔