پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ایسے اداکار وں کی ایک طویل فہرست موجودہے جنھیں پہلے اسکرین پر اور پھر ،کچھ عرصے بعد حقیقی زندگی میں بھی بطور ہمسفر دیکھا گیا۔ اس حوالے سے زیادہ پیچھے جانے کے بجائے نئی نسل کی جوڑیوں کی بات جائے تو سائرہ اور بہروز سبزواری ،دانش تیمور اور عائزہ خان، منیب بٹ اور ایمن خان جیسی خوبصورت اور ٹیلنٹڈ جوڑیاں لائم لائٹ کا حصہ رہ چکی ہیں ۔ اس فہرست میں جلد ہی ایک خوبصورت اضافہ احد رضا میر اور سجل علی کا ہونے جارہا ہے ۔
احد رضا میر اور سجل علی شوبز انڈسٹری کے افق پر چمکتے ایسے ستارے ہیں جن کا ٹیلنٹ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی دھوم مچائے ہوئے ہے۔ احد اور سجل کی جوڑی ڈرامہ انڈسٹری کی سپر ہٹ جوڑیوں میں سے ایک تسلیم کی جاتی ہے۔ اسکرین پر نظر آنے والی یہ جوڑی حقیقی زندگی میں بھی جلد ہی ایک ہونے جارہی ہے جس کا باقاعدہ اعلان، خوشیوں بھری اس عید الفطر پر احد رضا میر اور سجل علی کی جانب سے مداحوں کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک تصویر شیئر کرکے کیا گیا، جس میں دونوں اداکاروں کی جانب سے باضابطہ منگنی کا اعلان کیا گیا۔ منگنی کی تقریب نہایت سادہ اور منفرد انداز میں منعقد کی گئی تھی جس میں صرف دونوں اداکاروں کے اہل خانہ اورمخصوص قریبی دوست واحباب نے شرکت کی ۔احد رضا کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میںاداکارہ سجل علی پیلے رنگ کا خوبصورت لباس پہنے ہلکے میک اپ کے ساتھ غضب ڈھارہی ہیں جبکہ پہلو میں بیٹھے احد رضا میر بھی تمام تر مردانہ وجاہت سمیٹے کسی سلطنت کے شہزادے لگ رہے ہیں۔ احدرضا میر کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر منگنی کی تصویر کے ہمراہ جلی حروف میں ایک خوبصورت عبارت بھی درج تھی ۔
منگنی سے متعلق احد رضا میر کا اعلان بذریعہ انسٹاگرام
’’ایک خوبصورت نیا آغاز ہوا چاہتاہے۔ آج ہم (احد اور سجل) یہ اعلان کرتے ہوئے نہایت خوشی محسوس کررہے ہیں کہ اپنے اپنے خاندانوں کی رضامندی اور دعاؤں سے باضابطہ طور پر منگنی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں‘‘۔ احد نے مزید لکھا، ’’ہمارا خاص دن ہمارے خاندانوں، دوستوں اور پرستاروں کی دعاؤں سےمزید خاص بن جائے گا۔ (احد اور سجل)‘‘
سجل علی کا اظہار
کچھ ہی دیر بعد سجل علی کی جانب سے منگنی کا باضابطہ اعلان کیا گیا ۔ جس کیلئےسجل نے ایک منفرد انداز اپنایا اور لفظوں کا سہارا لیے بغیر اپنی اور احد رضا میر کی ایک خوبصورت تصویر مدا حوں کے ساتھ شیئر کی۔
سپر ہٹ جوڑی کے کیریئر کا آغاز
دونوں اداکاروں کی شوبز انڈسٹری میں اِنٹری اور خاندانی پس منظر سے متعلق بات کی جائے تو احد رضامیر ڈائریکٹر اور سینئر اداکار آصف رضا میر کے صاحبزادے ہیں۔
احد رضا میرنے کینیڈا سے ایکٹنگ اور ڈائریکشن کی تعلیم حاصل کی ہے۔ ساتھ ہی نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر (کینیڈین تھیٹر) بھی اپنی قابلیت کے جھنڈے گاڑ چکے ہیں، احد خود کو نہ صرف ایک اچھا اداکار بلکہ ایک بہترین مصنف اور ڈائریکٹر بھی تسلیم کرواچکے ہیں۔
احد کی منگیتر اور پاکستان شوبز انڈسٹری کی معصوم اور خوبصورت اداکارہ سجل علی کی بات کی جائے تو سجل نے 2011میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ اپنی بے ساختہ اور جاندار اداکاری کی بدولت جلد ہی سجل پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری میں مقبولیت کی منازل طے کرتی چلی گئیں۔سجل اب تک 40سے زائد ڈرامہ سیریلز اور مختلف ٹیلی فلمز میں کام کرچکی ہیں۔ان کی مقبولیت کے چر چے بھارتی انڈسٹری تک پہنچے تو من موہنی اداکارہ کوفلم ’’مام‘‘ میں سری دیوی کی بیٹی کا کردار نبھانے کی پیش کش کی گئی، جسے سجل علی نے قبول کرلیا اور یوں اس فلم میں اپنی جاندار اداکاری کی بدولت بھارت میں بھی خوب داد سمیٹی۔
سجل اور احد رضا میر کی آن اسکرین جوڑی
اس بات میں کوئی شق نہیں کہ سجل اور احد رضا میر جب جب اسکرین پر ساتھ آتے ہیں، وہ دیکھنے والوں کے دل جیت لیتے ہیں۔
سجل اور احد رضا میر ایک ساتھ پہلی مرتبہ 2017میں ایک ڈرامہ سیریل میں مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوئے۔ اس ڈرامے میں دونوں شخصیات نے جہاں اپنی جاندار اداکاری کی بدولت مداحو ں کے دل موہ لیے، وہیں اس جوڑی کو اچھی کیمسٹری کے باعث شائقین کی جانب سے بہترین جوڑی قرار دیا گیا۔ پچھلے دوسال میں یہ جوڑی دیکھتے ہی دیکھتے اتنی مقبول ہوگئی کہ فیشن شوز ہوں یا ریمپ واک ،دونوں اداکاروں کو ہر جگہ ایک ساتھ دیکھاگیا۔
ایک دوسرے کو سراہنا
دوسال قبل جلوہ گر ہونے والی یہ جوڑی جہاں اسکرین پر ایک دوسرے کے ہمراہ قدم سے قدم ملائے نظر آئی، وہیں دونوں اداکار ایک دوسرے کے بہت بڑے فین بھی نظر آئے۔ سجل تو احد رضا میر کی اداکاری سے متعلق کچھ یوں بھی کہہ بیٹھی کہ احد جیسا کوئی اداکار نہیں وہ ایک بہترین فنکار ہیں۔ اس جوڑی کی قربت کو شائقین بھی محسوس کرنے لگے، جسے پہلے پہل دونوں اداکاروں کی جانب سے تسلیم نہ کیا گیا لیکن جلد ہی(گزشتہ برس) احد رضا میر برطانوی ادارے سے گفتگو کے دوران یہ اعتراف کربیٹھے کہ انھیں حقیقی زندگی میں بھی سجل علی بے حد پسند ہیں۔
مداحوں ،دوستوں اور ڈی جی آئی ایس پی آرکی مبارکباد
احد رضا میر اور سجل کی منگنی کا باضابطہ اعلان ہونے کے بعد مداحوں، دوست و احباب کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اس حوالے سے خصوصی مبارکباد ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے دی گئی، جس میں انھوں نے نئے جوڑے کو منگنی کی مبارکباد دیتے ہوئے دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دوسری جانب سجل علی کی بہن اور اداکارہ صبور علی نے بھی ایک خوبصورت الفاظ کے چناؤ سے ترتیب دیے گئے پیغام کے ذریعے بہن اور بہنوئی کو مبارکباد دی۔ یہی نہیں دونوں اداکاروں کو دیگر ساتھی اداکاروں کی جانب سے بھی مبارکباد کے بے شمار پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ احد کی خالہ اور والدہ نے بھی دونوں اداکاروں کو منفرد انداز میں منگنی کی مبارکباد دی ہے۔