آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
بدھ13؍ذیقعد 1440ھ 17؍جولائی 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ چند برسوں کے دوران گھر کے اندرونی حصے (ان ڈور ایریا) کے ساتھ ساتھ بیرونی حصے (آؤٹ ڈور ایریا) میں بھی نت نئے ٹرینڈ ز کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وہ زمانے گئے جب گھر کے بیرونی حصے میں محض ہریالی ہی بہترین تصور کی جاتی تھی۔ پہلے آؤٹ ڈور کچن، پھر آؤٹ ڈورلیونگ روم اور اس کے بعد سن روم تعمیر کیے جانے لگے، تاہم اب ایک نئے ٹرینڈ ’گارڈن روم‘کا اضافہ بھی دیکھنے میں آیاہے، جو کم بجٹ اور جدید تعمیراتی انداز لیے گھر کے بیرونی حصے میں ایک بہترین اضافہ تصور کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب اس جگہ کوخاص کاموں کے لیے مختص کیاجاسکتا ہےمثلاًموسم سے لطف اندوز ہونے، پیٹ ہاؤ س کے طور پر یا پھر خاندانی تقریبات کے لیے۔ یہی وجہ ہے کہ تعمیراتی ماہرین اس کمرے کو مختلف ڈیزائن اور شکل میں تعمیر کروانے کا مشورہ دیتے ہیں لیکن بعض اوقات ڈیزائن کا انتخاب بھی مشکل میں ڈال دیتا ہے۔ لہٰذا آج ہم قارئین سے کچھ ایسے آئیڈیاز اور ٹپس کے بارے میں گفتگو کرنے جارہےہیں، جو گارڈن روم کی تعمیر کے دوران کام آئیں گے۔

گارڈن کیلئے منصوبہ بندی

ہوم جم سے لےکر ہوم آفس تک، کسی بھی حصے میںگارڈن روم تعمیر کروایا جاسکتا ہے۔ اس کی پیمائش اور ڈیزائن کا انتخاب گارڈن کے سائز اور بجٹ پرمنحصر ہوتاہے۔ ماہرین کے مطابق گارڈن روم کی انٹیریئر سے زیادہ ایکسٹیریئر ڈیزائننگ خاص توجہ چاہتی ہے، مثلاًاس کمرے کو گارڈن سے مشابہت کیسے دینی ہے؟ انٹیریئر کے ساتھ ساتھ ایکسٹیریئر سادہ ہونا چاہیے یا پھر روایتی ؟ عام مواد استعمال کیا جائے یا جدید۔ اس حوالے سے تعمیراتی ماہرین کا کہنا ہے کہ گارڈن روم کی تعمیر ایک بڑےسائبان کے بجائے ایک کمرے کے اسٹائل میں کروائی جائے، ساتھ ہی مختلف مسائل سے بچانے کے لیے اس کمرے کو کنکریٹ اور سلیب جیسے مواد کے ساتھ تعمیر کروایا جاسکتا ہے۔

محل وقوع

گارڈن روم کی پوزیشننگ کے لیے بھی خاصا غورو فکر کرنا ہوتا ہے۔ موسم کے اعتبار سے اس کے محل وقوع کا انتخاب کریں ۔جنوبی رُخ تعمیر کروایا گیا کمرہ نسبتاًزیادہ گرم ہوتا ہے، تاہم اگرسورج کی جانب شیڈ لگادیے جائیں تو گرمی اور روشنی کا دباؤ کم کیا جاسکتا ہے۔

ٹھیکیدار یا آرکیٹیکٹ؟

ایک ٹھیکیدار آپ کی ضروریات اور خواہشات کے عین مطابق گارڈن روم تعمیر کرکے دے سکتا ہے۔ لیکن اگر آپ اس حصے میں باتھ روم اور کچن بھی شامل کرنا چاہتے ہیں (جس کے لیے پانی اور نکاسی کا بہترین نظام ہونا شرط ہے) تو ہمارا مشورہ یہی ہے کہ آپ اس صورت میں کسی تعمیراتی کمپنی سے رابطہ کریں کیونکہ ایک معیاری آرکیٹیکٹ ہی آپ کو تمام سہولیات بآسانی فراہم کرپائے گا۔

تعمیراتی ماہرین اس سلسلے میں ماڈیولر ڈیزائن کو بہترین تصور کرتے ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا گارڈن روم پورا سال بہترین رہے تو کمرے کے درجہ حرارت اور موصلیت (Insulation) پر خاص توجہ دیں۔ کسی تعمیراتی کمپنی کے پہلے سے دستیاب ماڈل کی تعمیراتی لاگت آپ کی فرمائش پربنوائے جانے والے گارڈن روم کی قیمت سے خاصی کم ہوتی ہے۔

یوٹیلیٹی اور منٹیننس

پانی، بجلی اور نکاسی کا نظام گارڈن روم کی تعمیر کے اہم عناصر ہیں۔ اس کے لیےآپ کو اپنے آرکیٹیکٹ کے ساتھ مل کرنقشے (فلور پلان) پر بات کرنی ہوگی۔ ساتھ ہی الیکٹریشن سے وائرنگ کے حوالے سے تمام معاملات پہلے ہی طے کرلینے چاہئیں مثلاً انڈرگراؤنڈ وائرنگ معیاری ہونی چاہیے، وائرنگ کے لیے خالص تانبے کے تار استعمال کیے جائیں، ایک کمرے میں ساکٹ کی تعداد کتنی ہونی چاہیے، عام ساکٹ فرش کی سطح سے کتنی اُونچائی پر اور کس جگہ لگایا جائے۔ آپ گارڈن روم کے لیے سولر پاور بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ نکاسی کے نظام کے لیے آپ کو 2پائپس سیٹ کی ضرورت محسوس ہوگی، جس کے لیے اچھے پلمبر کا انتخاب ضروری ہے۔

سہولیات

آپ کے گارڈن روم کے لیے بجلی بے حد ضروری ہے، اگر آپ اس ایریا کو صرف سمر ہاؤس کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں تواس حصے کے لیےمتاثر کن بیرونی لائٹنگ کا بندوبست کیجیے۔ لیکن اگر آپ پورا سال اس روم کو استعمال میں لانے کے خواہشمند ہیں تو آپ کو یہاں ساکٹ، لائٹنگ اور ہیٹنگ یا کولنگ جیسی تمام سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ اپنے اور گھروالوں کے آرام کا خیال رکھتے ہوئے مناسب فرنیچر کا انتظام بھی کریں۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں