• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش کیخلاف قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی

ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں بنگلادیش کے خلاف میچ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، انہی گیارہ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے جس نے جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف میچ میں شرکت کی تھی۔

شعیب ملک کو الوادعی میچ نہ مل سکا اور بھارت کے خلاف صفر پر آوٹ ہونے کے ساتھ ان کا ون دے کیئریئر ختم ہوگیا۔ وہاب ریاض کو فریکچر ہاتھ کے ساتھ کھلانا کا خطرہ مول لیا گیا ہے، ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کے دو سب سے سنیئر کرکٹرز شعیب ملک اور کرس گیل ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ میں دوبارہ ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے۔

ورلڈ کپ دونوں کے لیے مایوس کن ثابت ہوا۔ البتہ وہ انٹر نیشنل کرکٹ لیگز میں کھیلتے رہیں گے۔ شعیب ملک کو مستقبل میں پاکستان کی ٹی ٹوئینٹی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے شعیب ملک کے الوادعی ون ڈے میچ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے اس باونسر کو ڈک کردیا۔ لیکن اب یہ بات یقینی ہے کہ شعیب ملک بھارت کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ میں اپنا آخری ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔

شعیب ملک بنگلادیش کےخلاف گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ سابق کپتان کی خراب کارکردگی ٹورنامنٹ میں انہیں زیادہ خوشیاں نہ دے سکی۔ شعیب کی اہلیہ ثانیہ مرزا دو ہفتے گزارنے کے بعد اب بھارت جاچکی ہیں۔

1999میں پاکستان کے لئے پہلا ون ڈے انٹر نیشنل کھیلنے والے شعیب ملک نے ورلڈ کپ میں آٹھ، صفر، صفر رنز بنائے۔ آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف دونوں میچوں پر صفر پر آوٹ ہوکر ان کا ون ڈے کیئریئر وقت سے پہلے ختم ہوگیا۔ شعیب ملک نے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے اور آئندہ سال ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کے بعد ٹی ٹوئینٹی کو خیر باد کہنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

کرس گیل نے بھی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر منٹ کا اعلان کیا ہوا ہے۔ بنگلادیش کے خلاف میچ کے لئے گیارہ رکنی ٹیم یہ ہے: سرفراز احمد (کپتان) فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، حارث سہیل، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی۔

تازہ ترین