• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہالی ووڈ میں مہنگی ترین منگنی کی انگوٹھیاں

آجکل کے زمانے میں سوشل میڈیا خصوصاً انسٹاگرام پر ہر کوئی کسی تقریب، آؤٹنگ یا پھر بچوں کی تصاویر شیئر کرنے میں مصروف نظر آتا ہے۔ جس کو دیکھو وہ تمام پلیٹ فارمز پر کسی نہ کسی کھوج میں لگا رہتا ہے جبکہ کچھ اپنی پسندیدہ سیلیبرٹیز کو فالو کرتے نظر آتے ہیں کہ کس سیلیبرٹی نے کیا پہنا، اس کا ڈیزائن کیسا تھا اور کتنی مالیت کا پہنا تھا۔ گزشتہ دنوں ایک دوست کی منگنی کی انگوٹھی کے ڈیزائن کے لیے انٹرنیٹ پر سرچنگ جاری تھی اوراس دوران ہالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں کی انگیجمنٹ رنگ سامنے آئیں۔ وہ نہ صرف دیکھنے میں خوبصورت تھیں بلکہ ان کی قیمت بھی ایک عام شخص کی پہنچ سے باہر تھی۔ آئیے ہالی ووڈ کی کچھ ایسی ہی انگوٹھیوں کی معلومات آپ سے بھی شیئر کرتے ہیں، جن کے بارے میں جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔

ماریہ کیری

مالیت: 10ملین امریکی ڈالر،قیراط: 35

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ماریہ کیری اور آسٹریلوی بزنس مین جیمز پیکر نے 2016ء میں منگنی کی جو کہ زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکی۔ جیمز نے ماریہ کو منگنی پر 10ملین ڈالر(35قیراط) مالیت کی ایمرالڈ کٹ (ہیرے) کی انگوٹھی پہنائی تھی۔ ایک انٹرویو میں جب کیری سے ہاتھ اٹھا کر میڈیا کے سامنے رنگ دکھانے کو کہا گیا تو ان کا ازراہ مذاق کہنا تھا،’’ انگوٹھی کے سبب میرا ہاتھ بہت بھاری ہورہا ہے، اٹھ نہیں سکتا‘‘۔ اگرچہ ان دونوں شخصیات کا تعلق چند ماہ ہی قائم رہا لیکن ماریہ آج بھی اس رنگ کو پہنی نظر آتی ہیں ۔

بیونسے

مالیت : 5ملین امریکی ڈالر،قیراط : 18

2007ء میں امریکی سنگراور سانگ رائیٹر جے زی نےمشہور ومعروف گلوکارہ بیونسے کو پروپوز کیا۔ اس موقع پر جے زی نے بیونسے کو 18قیراط تقریباً 5ملین امریکی ڈالر مالیت کی ایمرالڈ ڈائمنڈ کٹ رنگ پہنائی۔ اس پروپوزل کو قبول کرنے کے بعد 2017ءکی میٹ گالا تقریب کے دوران گلوکارہ بیونسے اسی انگوٹھی کو پہنے ہر طرف جلوے بکھیرتی نظر آئیں۔ اب یہ دونوں سیلیبرٹیز نہ صرف شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں بلکہ جڑواں بچوں کے ماں باپ بھی ہیں۔ اس خوبصورت جوڑی سے متعلق امریکی میگزین کا کہنا ہے کہ بیونسے اور جے زی کی جوڑی کا شمار ہالی ووڈ کے امیر ترین کپلز میں کیا جاتا ہے۔

پیرس ہلٹن

مالیت : 4.5ملین امریکی ڈالر،قیراط : 24

2005ء میں امریکا کی مشہور اداکارہ اور سوشلائٹ پیرس ہلٹن نےامریکی پروڈیوسرپیرس لیٹسس کے ساتھ میچ دیکھنے کا ارادہ کیا۔ اس میچ کے دوران لیٹسس نے پیرس کو پروپوز کرتے ہوئے 4.5 ملین ڈالر مالیت کی24قیراط ہیرے کی خوبصورت انگوٹھی پہنائی۔ اس خوبصورت شام کے چار ماہ بعد جوڑے کی جانب سے اپنی منگنی کا باقاعدہ اعلان کیا گیا لیکن یہ رشتہ زیادہ دیر قائم نہ رہ سکا۔ ان دنوں پیرس ہلٹن اداکار زلکا کی منگیتر ہیں اور اس حوالے سے جانی جاتی ہیں۔

جینیفر لوپز

مالیت: 4ملین امریکی ڈالر،قیراط: 8.5

مارک انتھنی اور جینیفر لوپز کی راہیں اگرچہ اب جدا ہوچکی ہیں لیکن مارک انتھنی نے جینیفر کو چند سال قبل جب پروپوز کیا تو انھیں 4ملین امریکی ڈالر کی نیلے رنگ کی ڈائمنڈ جڑی انگوٹھی پہنائی۔ اگرچہ شادی کے10سال بعد یہ جوڑا علیحدہ ہوگیا لیکن یہ انگوٹھی آج بھی جینیفر کی جیولری کلیکشن میں موجود ہے اور اپنی آب و تاب دکھا رہی ہے۔ اگر جینیفر کے حالیہ افیئر کی بات کی جائے تو سوشل میڈیا پر ان دنوں جینیفر کی ایلیکس سے منگنی کی خبریں سرگرم ہیں۔

میگھن مارکل

مالیت : 3لاکھ50ہزار امریکی ڈالر،قیراط: 4.5

برطانوی شاہی خاندان کی بہو میگھن مارکل نے 2017میں سلور اسکرین کو خیر آباد کہتے ہوئے شہزادہ ہیر ی کے نام کی انگوٹھی پہنی۔ یہ انگوٹھی بھی کسی طور کم نہیں تھی۔3لاکھ50ہزار ڈالر مالیت کی انگوٹھی کے مرکزمیں لگاتین قیراط کاہیرا بوٹسوانا سے منگوایا گیا تھا۔ اس کے ارد گرد لگے دو ہیرے0.5اور 0.75قیراط کے ہیں، جو شہزادہ ہیری کی والدہ آنجہانی شہزادی ڈیانا کی کلیکشن سے لیے گئے ہیں۔2018ء میں یہ دونوں شخصیات ازدواجی بندھن میں بندھے۔چند ماہ قبل میگھن مارکل نے خوبصورت بیٹے کو بھی جنم دیا ہے، جس پر پرنس ہیری اور شاہی خاندان کافی خوش ہے۔

بلیک لائیولی

مالیت : 2 ملین امریکی ڈالر،قیراط : 12

ہالی ووڈ کی اداکارہ بلیک لائیولی جہاں اپنے مہنگے ترین لباسوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں، وہاں یہ کیسے ممکن ہے کہ مہنگی ترین انگیجمنٹ رنگ میں وہ دیگر اداکاراؤں سے پیچھے نظر آئیں۔ امریکی اداکار اور کامیڈین ریان رینالڈز نے بلیک لائیولی کو2ملین ڈالر مالیت کی ہیرے جڑی روز گولڈ رنگ سے پروپوز کیا۔ اس کے کچھ عرصے بعد جوڑے کی جانب سے جلد ہی شادی کا اعلان بھی کردیا گیا۔ یوں بلیک لائیولی اور کامیڈین ریان 2012ء میں ازدواجی میں بندھ گئےتھے اور اب ان کے دو خوبصورت سے بچے ہیں۔

تازہ ترین